وزیراعظم کا ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ اسمارٹ ایپ کا افتتاح، بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی کی فیس ختم کرنے کا اعلان

اتوار 29 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے پاور ڈویژن کی جانب سے تیار کردہ اسمارٹ موبائل ایپ ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا، تقریب سے خطاب میں انہوں نے بجلی کے بلوں میں سرکاری ٹی وی کی فیس ختم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایپ کو بجلی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور گورننس میں اصلاحات کی ایک اہم کڑی قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بجلی صارفین کو بااختیار بنانے، اوور بلنگ کی شکایات کے خاتمے اور بلنگ کے عمل میں شفافیت کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بجلی صارفین کے لیے میٹر ریڈنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ، میٹر ریڈرز کا کردار ختم؟

وزیر اعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں انقلابی اصلاحات اور شفاف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی اور نظام میں بہتری کے لیے ٹھوس پیش رفت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ کا باضابطہ اجرا پاور ڈویژن کی اصلاحاتی کوششوں کا حصہ ہے، جو قابل اطمینان پیش رفت ہے۔’ماضی میں میٹر ریڈنگ سے متعلق شکایات موصول ہو رہی تھیں، جنہیں حل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔‘

مزید پڑھیں: وفاقی اور صوبائی حکومتی ادارے بجلی کمپنیوں کے اڑھائی کھرب سے زیادہ کے نادہندہ نکلے

وزیر اعظم نے بتایا کہ وزارت توانائی میں بے پناہ اصلاحات کی گئی ہیں اور یہ سفر ابھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے وزیر برائے پاور نے انتھک محنت کی ہے اور اس ضمن میں کرپٹ مافیا کے خلاف سخت اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر کی تمام ڈسکوز میں انقلابی اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں اور نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے ساتھ انتہائی شفاف طریقے سے مذاکرات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: صوبے میں بجلی کی پیداوار کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت بجلی کے بلوں پر سبسڈی کے لیے کیوں تیار نہیں؟

انہوں نے بتایا کہ انتھک محنت کے باعث بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی ممکن ہوئی، اور جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں، تو صارفین کو ساڑھے سات روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا گیا۔

وزیر اعظم نے بجلی بلوں میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: نئی تقرریاں اور تبادلے، کیا حکومت عوام کو بجلی اور ٹیکس میں ریلیف دے پائے گی؟

انہوں نے کہا کہ بجلی کی 500 ارب روپے کی چوری ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے برق رفتاری سے کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

پاور ڈویژن کے مطابق، اس ایپ کے ذریعے صارفین کو مقررہ تاریخ پر اپنے بجلی میٹر کی تصویر اپ لوڈ کرنے کی سہولت دی جائے گی، جس کی بنیاد پر اُن کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد میٹر ریڈنگ کی غلطیوں، تاخیر اور اوور بلنگ جیسے دیرینہ مسائل کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اپنے بجلی کے بل سے ٹیکس کا بوجھ کیسے کم کر سکتے ہیں؟

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” صرف ایک ٹیکنالوجی فیچر نہیں بلکہ گورننس میں ایک بڑی اصلاح ہے، جو صارفین کو بجلی کے نظام کا فعال حصہ بناتی ہے۔ صارفین اب نہ صرف اپنے بل پر براہِ راست نظر رکھ سکیں گے بلکہ ریڈنگ کے عمل کے نگہبان بھی ہوں گے۔

پاور ڈویژن نے بتایا کہ اگر صارف مقررہ دن پر اپنی ریڈنگ ایپ پر فراہم کر دے تو اسی ریڈنگ کو بل کے لیے استعمال کیا جائے گا، اور اس کے بعد لی گئی میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کن آئی پی پیز سے معاہدہ ہوا، کیا عوام کو ریلیف ملے گا؟

یہ نظام خاص طور پر اُن صارفین کے لیے فائدہ مند قرار دیا گیا ہے جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں۔ اعلامیے کے مطابق، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے، جب کہ صرف ایک یونٹ اضافی ہونے پر سبسڈی ختم ہو جاتی ہے اور بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے۔ ایپ کے ذریعے مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے اپنی سبسڈی سے مستفید رہ سکیں گے۔

پاور ڈویژن نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے بجلی کے نظام میں نہ صرف شفافیت پیدا ہوگی بلکہ صارفین کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp