جوڈیشل کمیشن نے چاروں ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کے ناموں کی منظوری دے دی

منگل 1 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور، بلوچستان، سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کے ناموں کی منظوری دے دی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں ہائیکورٹس کے مستقل سربراہان کی تقرری کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے بلوچستان ہائیکورٹ کے جج کا جوڈیشل کمیشن کو خط، سابق جج کی مسلسل نامزدگی پر اعتراض

اجلاس میں ہر ہائیکورٹ کے سینیئر ترین تین ججز کے نام زیر غور لائے گئے، جن میں سے ہر عدالتِ عالیہ کے لیے موزوں ترین امیدوار کی منظوری دی گئی۔

جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس عتیق شاہ کو مستقل چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر کے نام کی منظوری دی گئی۔

جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کے لیے جسٹس روزی خان جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر سینیئر ترین جج جسٹس جنید غفار کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔

ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی تقرری سے متعلق جوڈیشل کمیشن نے وزیراعظم کو بھی مطلع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکریٹری جوڈیشل کمیشن کی جانب سے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 175 اے کی ذیلی شق 8 کے تحت ججز کی تقرری کے عمل کو مکمل کریں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی کارروائی کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے اعتراض اٹھایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر فیصلہ پہلے ہونا چاہیے۔ جسٹس منیب اختر نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے کے حق میں رائے دی۔ جبکہ پی ٹی آئی کے 2 ممبران نے بھی جسٹس منصور شاہ کی رائے کی حمایت کی۔ وزیر قانون خیبرپختوا نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے سے اتفاق کیا۔

جوڈیشل کمیشن اجلاس سے قبل پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی سنیارٹی کے حوالے سے 5 ججز نے درخواست دی ہوئی ہے۔ جب تک ججز انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ نہیں ہو جاتا تو اسلام آباد ہائیکورٹ کی چیف جسٹس تعیناتی روکنے کی درخواست کریں گے۔

’جسٹس سرفراز ڈوگر کو 16 میں سے 9 ووٹ ملے‘

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس تعینات ہونے والے جسٹس سرفراز ڈوگر کو 16 میں سے 9 ووٹ ملے، 6 ارکان نے ان کے نام کی مخالفت کی، جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے کسی کو ووٹ نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق جسٹس منصور اور جسٹس منیب اختر نے جسٹس محسن اختر کیانی کے حق میں ووٹ دیا۔ جبکہ جوڈیشل کمیشن کے 4 ممبران نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے حق میں ووٹ دیا۔

یہ بھی پڑھیے اسلام آباد ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس کون ہوگا؟ فیصلہ جوڈیشل کمیشن کرے گا

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے 2 ممبران نے جسٹس میاں گل حسن کو ووٹ دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp