لاہور: تحریک انصاف کی متحرک خاتون کارکن صنم جاوید کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے دو روز قبل صنم جاوید کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے آج انہیں جیل سے رہا کیا گیا۔ رہائی کے موقع پر ان پر گل پاشی کی گئی اور وہ گھر روانہ ہوگئیں۔
آخرکار صنم جاوید کو رہا کر دیا گیا pic.twitter.com/ShaqJLeKvz
— Muqadas Farooq Awan (@muqadasawann) July 2, 2025
یاد رہے کہ صنم جاوید کو ان کے شوہر پروفیسر عتیق کے ہمراہ 27 اپریل کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا۔ وہ 9 مئی کیسز کی عدالتی سماعت کے بعد جیل سے باہر نکلی تھیں جب پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق صنم جاوید کو تھانہ اسلام پورہ میں درج مقدمہ نمبر 486 کے تحت گرفتار کیا گیا، جس میں ان پر روڈ بلاک کرنے، اشتعال انگیز اور ریاست مخالف نعرے بازی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
اس مقدمے میں عالیہ حمزہ، نازیہ بلوچ، انتظار حسین پنجوتہ سمیت 35 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ 8 فروری کو تھانہ اسلام پورہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔