سپریم کورٹ نے گھریلو تنازعات سے متعلق ایک مقدمے میں اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیملی مقدمات میں معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق اپیلیں اعلیٰ عدالت تک نہیں آنی چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں:4 ماہ میں کیسز نمٹانے کے احکامات پر ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں عدالت نے بچے کے ماہانہ خرچے سے متعلق فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو مسترد کردیا۔
دورانِ سماعت وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ چھوٹے بچے کے لیے 25 ہزار روپے ماہانہ خرچ بہت زیادہ ہے۔ اس پر جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ ’یہ آپ کا اپنا بچہ ہے، تو 25 ہزار کچھ زیادہ نہیں‘۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گھریلو تنازعات میں مالی معاوضے سے متعلق فیصلے نچلی عدالتوں میں ہی طے ہونے چاہییں، اور اس معاملے میں سپریم کورٹ کو شامل نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب نچلی عدالت رقم طے کر دے تو معاملہ وہیں ختم ہو جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:جسٹس یحییٰ آفریدی کے چیف جسٹس بننے کے بعد ادارے میں کیا کچھ بدلا؟
عدالت نے قرار دیا کہ بچے کے خرچے کے لیے مقرر کردہ 25 ہزار روپے ماہانہ مناسب ہیں، اور اس پر اعتراض کا کوئی جواز نہیں، لہٰذا اپیل مسترد کی جاتی ہے۔