خیبرپختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم، وزیراعلیٰ کو تبدیل کرکے تحقیقات کی جائیں، اپوزیشن لیڈر عباداللہ

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباداللہ نے کہا ہے کہ صوبے میں حکمران جماعت کی سرپرستی میں کرپشن ہورہی ہے، پورے صوبے میں بدعنوانی کا راج ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کرپشن کو قانونی حیثیت دی جا چکی ہو۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوہستان میں 40 ارب، وزیرستان میں 12 ارب اور ملاکنڈ میں 10 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے کرپشن کی نذر ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں 32 ارب روپے کا مبینہ مالی اسکینڈل، پی اے سی نے نوٹس لے لیا، تحقیقات کا آغاز

انہوں نے کہاکہ سی اینڈ ڈبلیو سمیت مختلف محکموں کے اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے برآمد کیے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 اور سولر سسٹم جیسے عوامی منصوبے بھی بدعنوانی سے محفوظ نہیں رہے۔

انہوں نے الزام عائد کیاکہ افسران کی تقرریوں اور تبادلوں میں بھی بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں، جس سے صوبے کی انتظامی مشینری مفلوج ہو چکی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ علی امین گنڈاپور کا بطور وزیراعلیٰ انتخاب خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ ظلم ہے، وہ سیاسی قیادت کے بجائے کسی پشتو فلم کے ولن لگتے ہیں۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ ان کا اصل کردار ’مولا جٹ‘ جیسی فلموں میں بنتا ہے، قیادت ان کے بس کی بات نہیں۔

عباداللہ نے سوات میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب سوات میں سانحہ پیش آیا تو وہاں ریسکیو 1122 کی کوئی گاڑی موجود نہیں تھی۔

’رمضان فنڈز کی تقسیم میں بھی شفافیت کا خیال نہیں رکھا گیا‘

انہوں نے رمضان کے دوران تقسیم کیے گئے 10 ارب روپے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ اگر یہ رقم ایمانداری سے غریبوں میں تقسیم کی جاتی تو واقعی فائدہ ہوتا، لیکن یہاں بھی اپنے لوگوں کو نوازا گیا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا بدانتظامی، اقربا پروری اور کرپشن میں سب سے آگے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا میں کرپشن کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کردیا

انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیراعلیٰ کو فی الفور تبدیل کیا جانا چاہیے اور احتساب کے ادارے فوری طور پر ان پر لگائے گئے الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کریں۔ مزید انہوں نے کیا کہا؟ جانیے ابوبکر کی اس رپورٹ میں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp