انڈونیشیا کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع تانیمبر جزائر میں پیر کے روز 6.8 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسزکے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی، خوش قسمتی سے اب تک سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی، شدت کیا ہوگی؟
تانیمبر جزائر مشرقی انڈونیشیا کے صوبہ مالوکو میں واقع تقریباً 30 جزیروں پر مشتمل ایک سلسلہ ہے، جو بحیرہ آرافورا میں تیمور اور نیو گنی کے درمیان واقع ہے۔ یہ علاقہ زلزلہ خیز خطے میں آتا ہے اور اکثر زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔
یاد رہے کہ جنوری 2023 میں بھی تانیمبر جزائر کے قریب 7.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے بعد کئی گھنٹوں تک سونامی کی وارننگ جاری رہی، اُس زلزلے میں کم از کم 15 مکانات اور 2 اسکولوں کو نقصان پہنچا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں زلزلے کے دوران ملیر جیل میں ہنگامہ، 200 سے زائد قیدی فرار، ایک ہلاک
انڈونیشیا، جس کی آبادی 27 کروڑ سے زائد ہے، بحرالکاہل کی ’رِنگ آف فائر‘ نامی زون پر واقع ہے، جہاں زمین کی پرتیں بہت متحرک ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک میں اکثر زلزلےاور آتش فشانی سمیت سونامی آتے رہتے ہیں، یہاں 120 کے قریب فعال آتش فشاں پہاڑ بھی موجود ہیں۔
حکام نے تانیمبر جزائر کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں لیکن خوفزدہ نہ ہوں، جبکہ نقصان کے تخمینے کا عمل جاری ہے۔