پاکستان ریلوے نے سفری معیارات کو بلند کرنے کے لیے چنیدہ ریل گاڑیوں میں ڈائننگ کارز، آن بورڈ کچن اور مفت خدمات متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: چلتی ٹرین سے موبائل چھیننے کی انوکھی واردات، ویڈیو وائرل
اس حوالے سے پاکستان ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو جلد ہی مخصوص ڈائننگ کوچز کے ساتھ اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی جعفر ایکسپریس کو ٹرین میں کچن کی سہولت سے لیس کیا جائے گا۔
توقع ہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ریل کاروں بشمول سبک رفطار، سبک خرام، اسلام آباد ایکسپریس اور راول ایکسپریس میں سفر کرنے والے مسافربھی مفت آن بورڈ خدمات حاصل کرسکیں گے۔
مزید پڑھیے: پاکستان ریلوے کا اسٹیشنز اور ٹرینوں میں ’اوگرا‘ سے منظور شدہ سلنڈرز کی چیکنگ مہم کا اعلان
ریلوے ہیڈ کوارٹر نے کیٹرنگ خدمات کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے ایک ٹینڈر جاری کیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والی کیٹرنگ فرموں کو 5 اگست 2025 تک تکنیکی اور مالیاتی تجاویز جمع کرانے کی دعوت دی گئی ہے۔
یہ پیشرفت پاکستان ریلویز کی خصوصاً طویل فاصلوں والی اور انٹرسٹی مسافروں کے لیے ٹرین آپریشنز کو جدید بنانے اور زیادہ آسان، آرام دہ اور معیاری سفری اختیارات فراہم کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔