انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی، جہاں ٹیسٹ بیٹنگ میں پاکستانی شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، کسی بھی پاکستانی بیٹر کا نام ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجہ ترقی پا کر ایک بار پھر دنیا کے نمبر ون بیٹر بن گئے ہیں، جب کہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے اور انگلینڈ ہی کے ہیری بروک دو درجہ بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے تجربہ کار بلے باز اسٹیو اسمتھ چوتھے اور بھارت کے شبمن گل تین درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: ٹی 20 کی ٹاپ 20 فہرست سے پاکستانی بولرز غائب
پاکستان کے سعود شکیل معمولی بہتری کے ساتھ ایک درجہ ترقی پا کر 12 ویں نمبر پر آ گئے، لیکن اب بھی ٹاپ 10 سے باہر ہیں۔
ادھر آسٹریلیا کے کیمرون گرین نے شاندار کارکردگی کے باعث 16 درجے ترقی حاصل کی اور وہ 30 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے رویندرا جدیجا اور کے ایل راہول نے بھی پانچ پانچ درجے بہتری کے بعد بالترتیب 34 ویں اور 35 ویں پوزیشن سنبھال لی۔
ٹیسٹ بولنگ کی بات کی جائے تو بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جبکہ پاکستان کے نعمان علی شاندار انداز میں ٹاپ 5 میں اپنی جگہ قائم رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ نے 6 درجہ ترقی کے ساتھ چھٹا نمبر حاصل کیا ہے، جب کہ ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف نے 15 درجے بہتری کے بعد 14 ویں پوزیشن سنبھالی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئی آئی سی سی رینکنگز جاری، پاکستانی کرکٹرز کا راج، بابر اور شاہین سب سے آگے
آئی سی سی ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ بھارت کے یشسوی جیسوال ایک درجہ ترقی پا کر دسویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس دو درجے نیچے جا کر گیارہویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان بالترتیب 12 ویں اور 13 ویں پوزیشن پر ہیں۔
ٹی20 بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلے نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھے، اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ سری لنکا کے وانندو ہسارانگا دو درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں، جب کہ ان کے ہم وطن نووان تھیسارا نے 9 درجے چھلانگ لگا کر 16 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔
بنگلا دیش کے رشاد حسین نے 12 درجے لمبی جست لگا کر 17 ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان کے حارث رؤف دو درجے نیچے جا کر اب 20 ویں نمبر پر آچکے ہیں۔














