صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کا ایوانِ صدر آمد پر پُرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اور انہیں باہمی فائدے کے حامل شعبوں میں مزید فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
فریقین نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تنازعات کو بڑھنے سے روکنا اور مربوط سفارتی کوششیں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ایران کی جانب سے علاقائی معاملات پر اصولی مؤقف اور پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر تہران کی حمایت کو سراہا اور مشکل اوقات میں ایران کی طرف سے یکجہتی کے مظاہرے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اور ایران ایک پُرامن اور خوشحال خطے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ صدر نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا بھی جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف مسلسل حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
صدر زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ ایرانی صدر کا حالیہ دورہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے 12 روزہ جنگ کے دوران اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا۔
قبل ازیں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر شہباز شریف نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک ایران 3 اہم معاہدے طے، تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا، اسحاق ڈار
دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ وفود کی سطح پر بات چیت میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اہم وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور اعلیٰ سرکاری حکام موجود تھے۔