برطانوی شہزادے ہیری اور برطانوی بادشاہ چارلس کے درمیان صلح کی کوششوں کو ایک نیا دھچکا اس وقت لگا جب میگھن مارکل ایک اور تنازع میں الجھ گئیں۔ میگھن جو اپنی سوتیلی بہن کے ساتھ پہلے ہی کشیدہ تعلقات رکھتی ہیں، اب ایک نئے عدالتی مقدمے کا سامنا کررہی ہیں۔
ایکسپریس یوکے کے مطابق سامنتھا مارکل کی جانب سے دائر کیے گئے ہتکِ عزت کے مقدمے کی باقاعدہ سماعت کی تاریخ طے ہوگئی ہے۔ یہ سماعت منگل، 9 ستمبر 2025 کو صبح 9 بجے، جیکسن وِل فلوریڈا میں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی خاندان کی باہمی رنجشیں برقرار: پرنس ہیری بڑے بھائی شہزادہ ولیم کو منانے میں ناکام رہے
میگھن مارکل پہلے ہی اپنے خاندان سے لاتعلقی اختیار کرچکی ہیں، سوائے اپنی والدہ ’ڈوریا ریگلینڈ‘ کے۔ دوسری جانب شہزادہ ہیری جو اپنے بھائی شہزادہ ولیم اور والد سے گہرا رشتہ رکھتے تھے، اب والد کی کینسر کی تشخیص کے بعد ان تعلقات کو بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
شاہی امور کے ماہر ’ایان پیلہم ٹرنر‘ نے کہا ’قانونی تنازعات، خاص طور پر میگھن اور سامنتھا کے درمیان، ہیری اور میگھن کی مفاہمتی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: ہیکرز برطانوی شاہی خاندان کی ویب سائٹ تک بھی جاپہنچے
ان کا مزید کہنا تھا ’برطانوی شاہی خاندان امریکا میں کسی بھی قانونی مسئلے کے حوالے سے انتہائی حساس ہے۔ ان کے لیے یہ کسی بھی راز کے افشا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے، جو شاہی ساکھ کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔‘
ایان پیلہم ٹرنر نے یہ بھی کہا ’یہ بھی ممکن ہے کہ سامنتھا مارکل نے یہ اقدام جان بوجھ کر اس وقت کیا ہو، جب وہ دیکھ رہی ہیں کہ ان کی سوتیلی بہن نیٹ فلکس جیسے معاہدوں کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہے اور شاہی خاندان سے دوبارہ تعلقات کی کوششوں میں ہے۔‘