تربوز کی سکنجبین گرمیوں میں صحت کے لیے مفید،بنانے کا طریقہ

جمعرات 11 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تربوز موسم گرما کا ایک اہم پھل ہے۔انگریزی میں تربوز کے لیےwatermelonمیں لفظ water یونہی نہیں استعمال کیا گیا بلکہ امریکی محمکمہ زراعت (یو ایس ڈی اے)کے مطابق تربوز کے ایک کپ میں تقریباً 5اونس پانی ہوتا ہے۔

ACSMs Health and Fitness Journalمیں 2013کے ایک مضمون کے مطابق تربوز جسم کے درجہ حرارت، اعضاء اور جوڑوں کے افعال، میٹابولزم اور بھوک کو منظم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

جرنل آف ایگریکلچرل اینڈ فوڈ کمیسٹری میں2014کی ایک تحقیق کے مطابق جن کھلاڑیوں نے ورزش سے ایک گھنٹہ پہلے16اونس تربوز کا جوس پیا تھا ان کھلاڑیوں میں پٹھوں میں درد اور دل کی دھڑکن میں تیزی سے بحالی کا تجربہ کیا گیا تھا بہ نسبت ان کھلاڑیوں کےجنہوں نے تربوز کا جوس استعمال نہیں کیا تھا۔

فوڈ اینڈ نیوٹریشن ریسرچ کے 2017کے شمارے میں آدمیوں کی میراتھن ریس کے حوالے سے شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق جن آدمیوں نے میراتھن ریس سے دو گھنٹے قبل16اونس تربوز کا جوس پیا تھا انہیں 72گھنٹوں تک پٹھوں میں درد کم محسوس ہوا۔

تربوز میں موجود وٹامن اے اور سی ہماری جلد کو صحت مند بناتے ہیں۔اس کے علاوہ تربوز نہ صرف ہاضمے میں مدد کرتا ہے بلکہ بیماریوں کے خلاف لڑنےکے لیے دفاع میں بھی مددفراہم کرتا ہے۔یہ ہمیں ہائیڈریٹ رکھتا ہے اور پٹھوں کے درد کو کم کرتا ہے۔

تربوز کے بے شمار فوائد کی بد دولت آج ہم آپ کے لیے تربوز کی سکنجبین کی ریسپی لے کر آئے ہیں۔جسے گھر کے بچے اور بوڑھے سب  ہی خوب پسند بھی کریں گےاور ان کی صحت بھی بہتر ہوگی۔

تربوز کی سکنجبین بنانے کے لیے اجزا

تربوز۔۔۔۔۔4کپ(باریک کٹے ہوئے)
لمیوں کا رس۔۔۔۔۔ایک چوتھائی کپ
چینی یا شہد۔۔۔۔۔ایک چوتھائی کپ
کالا نمک۔۔۔۔۔آدھا چائے کا چمچ
زیرہ پاؤڈر۔۔۔۔۔آدھا چائے کا چمچ(بھونا ہوا)
ٹھنڈا پانی۔۔۔۔۔4کپ
پودینے کے پتے۔۔۔۔۔سکنجبین پر رکھنے کے لیے
آئیس کیوبز

تربوز کی سکنجبین بنانے کا طریقہ

1۔بلینڈر میں باریک کٹے ہوئے تربوز کو اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔

2۔بلینڈ کیے ہوئے تربوز کے جوس کو چھلنی کی مدد سے چھان لیں۔

3۔اب اس جوس میں لیموں کا رس،چینی یا شہد،کالا نمک اور بھونا ہوا زیرہ پاؤڈر ڈالیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔

4۔اب ٹھنڈا پانی شامل کرکے مکس کر یں اور آئیس کیوبز ڈال دیں۔

5۔تازہ پودینے کو پتے تربوز کی سکنجبین پر رکھ دیں۔

آپ کی تربوز کی سکنجبین  تیار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp