پاکستان کے ون ڈے کپتان محمد رضوان اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی تازہ ترین آئی سی سی رینکنگ میں تنزلی کا شکار ہوگئے۔ دوسری جانب پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بھارت کے روہت شرما سے مختصر مقابلے کے بعد دوبارہ دوسرا نمبر حاصل کر لیا۔
بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا تین درجے ترقی پاکر 40 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اوپنر صائم ایوب کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، وہ 12 درجے تنزلی کے ساتھ 60 ویں نمبر پر آگئے۔
پاکستانی بیٹرز میں محمد رضوان 5 درجے گر کر 27 ویں نمبر پر، فخر زمان ایک درجہ نیچے آکر 28ویں پر اور امام الحق 3 درجے تنزلی کے بعد 42 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی کوچ نے بابراعظم کی ٹی20 ورلڈ کپ میں واپسی کا راستہ بتا دیا
بیٹنگ میں بھارت کے شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں بھی پاکستان کے لیے مشکلات بڑھ گئیں۔ شاہین شاہ آفریدی 2 درجے تنزلی کے بعد 15ویں نمبر پر آگئے جبکہ حارث رؤف 31ویں، نسیم شاہ 51ویں نمبر پر جا پہنچے۔
محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر بھی تین، 3 درجے نیچے جا کر بالترتیب 78ویں اور 87ویں نمبر پر آگئے۔ پاکستان کے لیے واحد خوشخبری اسپنر ابرار احمد سے ملی، جو 18 درجے ترقی کے بعد 43ویں نمبر پر آگئے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ‘میچ ونر’ بابراعظم اور محمد رضوان کی واپسی کے خواہاں
بولنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج آسٹریلیا کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد نئے عالمی نمبر ون بولر بن گئے ہیں، انہوں نے سری لنکا کے مہییش تھیکشنا اور بھارت کے کلدیپ یادیو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔