نیٹ فلکس سیریز ہاؤس آف گینیس کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے۔
نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ اس کی نئی اور شاندار کاسٹ پر مبنی سیریز ہاؤس آف گینیس کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے، سیریز کا پریمیئر 25 ستمبر کو نیٹ فلکس پر پیش کیا جائے گا۔
اس سیریز کو پییکی بلائنڈرز کے خالق اسٹیون نائٹ نے لکھا ہے اور یہ 19ویں صدی کے ڈبلن اور نیویارک میں گینیس فیملی کی زندگی اور بریوری کمپنی کی تاریخ پر مبنی ہے، جو اس وقت دنیا کی سب سے بڑی بریوری تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے نیٹ فلکس اور ایمازون پر، احسن اقبال کے بیان پر پاکستانی کیا کہتے ہیں؟
کہانی سر بینجمن گینیس کی وفات کے بعد شروع ہوتی ہے جنہوں نے گینیس بریوری کو بے مثال کامیابی تک پہنچایا۔ ان کی موت کے بعد وصیت نہ صرف ان کے 4 بالغ بچوں آرتھر، ایڈورڈ، این اور بین کی زندگیوں پر اثر ڈالتی ہے بلکہ ڈبلن کے ان کرداروں کی قسمت بھی بدل دیتی ہے جو گینیس بریوری کے ساتھ جڑے ہیں۔
View this post on Instagram
اسٹیون نائٹ کا کہنا ہے کہ یہ کہانی ایک ایسے خاندان کی ہے جو غیر معمولی طور پر ایک بڑی ذمہ داری کا وارث بنتا ہے۔ ان کے مطابق خاندان کے نوجوانوں کے سامنےپہلا امتحان یہ ہے کہ بریوری کو نقصان سے بچایا جائے اور دوسرا یہ کہ اسے مزید بڑا اور کامیاب بنایا جائے۔
نیٹ فلکس کے مطابق ہاؤس آف گینیس ایک وسیع اور متاثر کن داستان ہے جو یورپ کی سب سے مشہور اور دیرپا ڈائناسٹیز میں سے ایک گینیس فیملی سے متاثر ہے۔ اسٹیون نائٹ نے مزید بتایا کہ آرتھر اور ایڈورڈ اس کہانی کے مرکز میں ہیں کیونکہ ان کے والد نے موت سے قبل دونوں بھائیوں کو مشترکہ طور پر بریوری کی ذمہ داری سونپی تھی۔ اس فیصلے کے پیچھے ایک اہم اور دلچسپ وجہ ہے جو ناظرین کو سیریز میں دیکھنے کو ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’سب سے بڑی دشمنی‘: پاک بھارت کرکٹ سے متعلق نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری کب ریلیز ہورہی ہے؟
اس تاریخی ڈرامہ سیریز میں اینتھونی بوائل آرتھر گینیس کا کردار ادا کریں گے، لوئس پارٹررج ایڈورڈ گینیس کے روپ میں نظر آئیں گے، فِیون اوشیہ بینجمن گینیس کا کردار نبھائیں گے جبکہ ڈیرولا کرون آنٹ ایگنس گینیس اور این سکیلی ایڈیلیڈ گینیس کا کردار ادا کریں گی۔
سیریز ہاؤس آف گینیس کا پریمیئر 25 ستمبر کو نیٹ فلکس پر پیش کیا جائے گا۔