وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کی سو سالہ پرانی عالمی شہرت یافتہ ڈیری کمپنی موریناگا انٹرنیشنل کو پنجاب میں ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے, اس موقع پر نوزائیدہ بچوں کی خوراک، بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار میں مشترکہ منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپان میں موریناگا ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں کمپنی کے مختلف شعبوں اور ریسرچ و ڈیولپمنٹ کے کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت موریناگا کے تجربات کو صوبے میں ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے ماڈل کے طور پر اپنانا چاہتی ہے اور کمپنی کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں جدید شہری ترقی کے لیے مریم نواز کا جاپانی ماڈل اپنانے کا فیصلہ
دورے کے دوران حیوانات کے شعبے میں جدید جاپانی مشینری اور سائنسی طریقوں کے استعمال پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ صحت مند جانوروں کی افزائش نسل اور معیاری گوشت کی پیداوار کو یقینی بنایا جا سکے، مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ڈیری ڈویلپمنٹ اور ایڈوانس پروٹین نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے جاپانی کمپنیوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کے لیے فارمولا ملک جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہے اور ’ماں ہونے کے ناطے بچوں کی نگہداشت میرے لیے اولین ترجیح ہے۔‘
انہوں نے یاد دلایا کہ 2017 میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دور میں بھی موریناگا نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی تھی۔ ’شیخوپورہ میں موریناگا کی سرمایہ کاری پنجاب اور جاپان کے درمیان فلیگ شپ پارٹنرشپ کی واضح مثال ہے۔‘
مزید پڑھیں:مسلم لیگ ن کی ہوا چل پڑی ہے، ترقی کا پلڑا بھاری تھا اور رہے گا، مریم نواز
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پاکستان دودھ کی پیداوار دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جس میں پنجاب کا حصہ 60 فیصد ہے، تاہم صوبے میں اب بھی 80 فیصد ڈیری سیکٹر قدیم طریقوں پر چل رہا ہے، جس سے پیداوار اور معیار دونوں متاثر ہیں، انہوں نے کہا کہ موریناگا کی شراکت داری سے پنجاب کی 63 فیصد دیہی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
مریم نواز نے موریناگا کی جانب سے پنجاب میں بزنس ٹرینڈ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون زرعی اور لائیو اسٹاک سیکٹر کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔