جنوبی وزیرستان لوئر کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق

ہفتہ 13 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی وزیرستان لوئر کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ اس سال جنوبی وزیرستان لوئر سے یہ پہلا مثبت ماحولیاتی نمونہ ہے۔ وائرس کی جینیاتی طور ستمبر 2022 میں پائے جانے والے وائرس سے مشابہت ہے۔ رواں برس 6 مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا وائرس کی شناخت پاکستان کے مؤثر پولیو نگرانی نظام کو نمایاں کرتی ہے۔ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔

انہوں نے کہا والدین کو پولیو وائرس کے خطرہ کا احساس ہونا چاہیئے۔ والدین کے تعاون اور مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔ ویکسین بچوں کو تاحیات معذوری سے بچانے کا واحد اور مؤثر طریقہ ہے۔

2023: خیبر پختونخوا میں دنیا کے پہلے پولیو کیس کی تشخیص

جمعہ 17 مارچ 2023 کو رواں برس میں دنیا کے پہلے پولیو کیس کی تشخیص پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کی گئی تھی۔ وزارت صحت نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے اس سال کے پہلے پولیو کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ضلع بنوں کی یونین کونسل باکا خیل کے رہائشی تین سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ گزشتہ سال بھی پاکستان سے رپورٹ ہونے والے تمام کیسز صوبہ خیبرپختونخوا سے تھے۔

عالمی طریقہ کار کے مطابق ایک سال تک زیرو پولیو کیس رپورٹنگ کے بعد مزید دو سال تک زیرو کیس رپورٹنگ برقرار رکھنے کے بعد ہی عالمی ادارہ صحت کسی بھی ملک کو پولیو فری قرار دیتا ہے۔

لگ بھگ دنیا بھر سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے تاہم پاکستان اور افغانستان سمیت کچھ افریقی ممالک اب بھی عالمی ادارہ صحت کو پولیو کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

پاکستان سے گذشتہ برس 2022 میں 20 پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ شمالی افریقہ کے ملک موزمبیق سے 8 جبکہ افغانستان سے پولیو وائرس کے 2 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

پولیو کی خطرناک قسم وائلڈ پولیو وائرس ون کا تقریباً پوری دنیا سے خاتمہ ہو گیا ہے اور رواں سال ابھی تک کسی ملک سے پولیو وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔ تاہم وزارت صحت نے پاکستان سے پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کی تصدیق کی تھی۔

پاکستان میں رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا آغاز وزیر اعظم شہباز شریف نے 11 جنوری 2023 کو کیا تھا جس کے بعد 12 فروری کو 39 اضلاع میں جب کہ 13 مارچ سے 29 اضلاع میں انسداد پولیو کی مہم مکمل کی گئی تھی۔

افغانستان میں 2023 کا پولیو کا پہلا کیس سامنے آگیا

قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار میں 4 سال کا بچہ پولیو سے معذور ہوگیا۔ این آئی ایچ کے مطابق اس سال دنیا میں وائلڈ پولیو وائرس کے ایک سے 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں بھی ایک بچہ پولیو وائرس کا شکار ہو کر معذور ہو چکا ہے۔ این آئی ایچ کے مطابق پشاور،ہنگو اورجنوبی وزیرستان کےماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp