حکومتی اداروں میں مالی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے فیس کی رقم بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کی جاتی تھی۔ اس کے باعث شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا دیگر دستاویزات کی فیس کی ادائیگی ایک مشکل اور وقت طلب عمل تھا، جس میں شہریوں کو پہلے چالان بنوانا، پھر بینک میں فیس جمع کرانا اور دوبارہ دفتر جا کر درخواست آگے بڑھانا پڑتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، نادرا سے وراثتی سرٹیفکیٹ کا حصول انتہائی آسان ہوگیا
ڈیجیٹل دور کی طرف پیشرفت
ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے نادرا نے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر نیا اور آسان طریقۂ کار متعارف کرا دیا ہے۔ اس کا مقصد عوام کو بینکوں اور لمبی قطاروں کی مشکلات سے نجات دلانا ہے۔
ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کی سہولت
اب شہری شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر خدمات کی فیس موبائل ایپلی کیشنز، آن لائن بینکنگ، ایزی پیسہ اور جاز کیش سمیت مختلف الیکٹرانک ذرائع سے بھی ادا کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بڑی خوشخبری، نادرا کی شناختی کارڈ سمیت تمام خدمات اب یونین کونسلز میں دستیاب ہونگی
اس کے ساتھ ساتھ نادرا دفاتر میں براہِ راست کیش ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔
کیو آر کوڈ کے ذریعے فوری ادائیگی
نادرا دفتر میں درخواست جمع کرانے کے بعد شہری کو ایک مخصوص کیو آر کوڈ آئی ڈی دی جائے گی۔ اسے موبائل بینکنگ ایپ، ایزی پیسہ یا جاز کیش سے اسکین کر کے فوری طور پر بغیر کسی اضافی چارجز کے فیس ادا کی جا سکے گی۔
شفافیت اور وقت کی بچت
ترجمان نادرا کے مطابق اس نظام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ فیس کی ادائیگی شفاف اور محفوظ بھی ہو گی۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ اس سہولت سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
ڈیجیٹل پاکستان کی جانب پیش قدمی
نادرا کا یہ فیصلہ ’ڈیجیٹل پاکستان‘ وژن کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔