اداکار ہمایوں سعید نے شوبز انڈسٹری میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ہمایوں سعید نے نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ اس تخلیقی میدان کا حصہ بنیں، خواہ وہ کیمرے کے سامنے آکر اداکاری کریں یا پس پردہ ذمہ داریاں سنبھالیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’میں منٹو نہیں ہوں‘ ڈرامے میں استاد اور طالبہ کے رومانس پر ہمایوں سعید کا مؤقف کیا ہے؟
ہمایوں سعید نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ ایسے با صلاحیت نوجوانوں کی تلاش میں ہیں جو تخلیقی عمل میں کسی بھی شکل میں حصہ لینا چاہتے ہیں، اس فہرست میں اسسٹنٹ پروڈیوسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، لائن پروڈیوسر، آرٹ ڈائریکٹر، پروڈکشن ڈیزائنر، رائٹرز، پرفارمرز، سنگرز، میوزی شینز، ایڈیٹرز، وی ایف ایکس آرٹسٹ اور گرافک ڈیزائنرز شامل ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ منتخب امیدواروں کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں مختلف شعبوں میں قائدانہ کردارادا کرسکیں۔ اس پروگرام کے لیے کسی مخصوص تعلیمی قابلیت یا فنون لطیفہ میں پیشگی تجربے کی شرط نہیں رکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ہمایوں سعید پاکستان کے بہترین اداکار کیوں نہیں ہیں؟ شبیر جان نے بتا دیا
ہمایوں سعید نے خاص طور پر نئے فارغ التحصیل طلبہ کو شرکت کی ترغیب دی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس کے لیے کوئی عمر کی حد مقرر نہیں۔ ان کے مطابق “جذبہ اور کمٹمنٹ” سب سے اہم ہے۔
ٹیلنٹ ہنٹ میں حصہ لینے کے خواہشمند نوجوان اپنی درخواستیں ای میل کے ذریعے [email protected] پر بھجوا سکتے ہیں۔
یہ سال پاکستان کے لیے نئے ٹیلنٹ کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک طرف مقبول سنگنگ رئیلٹی شو پاکستان آئیڈل تقریباً 10 سال بعد دوبارہ شروع کیا جارہا ہے، جس کے ججز میں فواد خان، زب بنگش، راحت فتح علی خان اور بلال مقصود شامل ہیں۔ دوسری جانب ملک پہلی بار دنیا کے سب سے بڑے ٹی وی ٹیلنٹ شو گٹ ٹیلنٹ کے اپنے ورژن کی میزبانی کی تیاری بھی کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علم ہی نہیں تھا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ پرفارم کرنا ہے، ہمایوں سعید نے یادگار واقعہ سنا دیا
ہمایوں سعید کا یہ اقدام اس پس منظر میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک نیا باب کھولنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے، جس سے نوجوانوں کو مواقع میسر آئیں گے اور صنعت میں تخلیقی صلاحیتوں کا دائرہ مزید وسیع ہوگا۔