بلوچستان کی مخلوط حکومت میں اختلافات، سرفراز بگٹی کی وزارت اعلیٰ خطرے میں؟

منگل 30 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کی موجودہ مخلوط حکومت، جس کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کر رہے ہیں، اپنے قیام کے ڈیڑھ سال بعد ہی اندرونی اختلافات کا شکار نظر آ رہی ہے۔

گزشتہ دنوں نہ صرف پیپلز پارٹی کے ایک صوبائی وزیر اور ایک پارلیمانی سیکرٹری نے کھل کر وزیراعلیٰ کے خلاف تحفظات کا اظہار کیا بلکہ مسلم لیگ (ن) کے ایک رکن اسمبلی نے بھی واضح کیا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔

رواں سال 8 فروری کے عام انتخابات میں حب سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونیوالے صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے وندر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پر کھل کر تنقید کی۔

یہ بھی پڑھیں: کینوس پر بلوچستان کی خوبصورت جھلکیاں

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی پالیسیوں نے پیپلز پارٹی کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور کسی کارکن یا رہنما کے کام نہیں ہو رہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ ن لیگ کو باور کراتے ہیں کہ وہ ان کے وزیراعلیٰ ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ خود کو ان کا وزیراعلیٰ قرار دیتے ہیں، جو ان کے بقول ’دوغلے پن‘ کی واضح مثال ہے۔

یاد رہے کہ میر علی حسن زہری نے، جو صدر مملکت آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے ہیں، وزارت کا حلف لیتے ہی وزیراعلیٰ کے خلاف اپنے تحفظات ظاہر کیے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کی نئی ایوی ایشن پالیسی صوبے میں فضائی آپریشنز میں اضافہ کرے گی؟

بعدازاں آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مداخلت سے صلح صفائی کرائی گئی تھی لیکن ان کے حالیہ بیانات نے ایک بار پھر حکومت کے اندرونی اختلافات کو نمایاں کر دیا ہے۔

اسی طرح پیپلز پارٹی کے ہی ایک اور رہنما اور پارلیمانی سیکریٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چمن سے گوادر تک نوجوان رُل رہے ہیں، دکاندار کرائے پورے نہیں کر پا رہے، کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔

’ٹرانسپورٹ کا شعبہ بربادی کے دہانے پر ہے، لیکن حکومت صرف دعوؤں تک محدود ہے، میں خود اسمبلی کے رکن اور وزیر ہونے کے باوجود بے بس ہوں اور عوام کے مسائل حل نہیں کر پا رہا۔ ‘

مزید پڑھیں: یورپی یونین کے تعاون سے بلوچستان میں اسکلز سینٹرز کا قیام، روزگار کے نئے امکانات

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر لیاقت لہڑی نے شکوہ کیا کہ اسمبلی میں تقریر کے بعد انہیں انتقامی کارروائیوں اور منفی پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

صوبائی حکومت کی سب سے بڑی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) بھی اس وقت وزیراعلیٰ سے نالاں دکھائی دیتی ہے۔

مری قبیلے کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ نواب خیر بخش مری کے بڑے بیٹے نواب چنگیز مری کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو وہ اس میں بھرپور ساتھ دیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو میں نواب چنگیز مری کا کہنا تھا کہ انہیں بلوچستان میں سیاست ہی نہیں کرنے دی جا رہی، وزیراعلیٰ بننا تو دور کی بات ہے۔

بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں مخلوط حکومتوں میں اختلافات کوئی نئی بات نہیں، 2013 میں قائم ہونے والی مخلوط حکومت میں بھی وزارتِ اعلیٰ کے معاملے پر اختلافات کے باعث ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو مستعفی ہونا پڑا تھا اور ان کی جگہ مسلم لیگ (ن) کے نواب ثناء اللہ زہری وزیراعلیٰ بنے تھے۔

تاہم 2018 میں نواب ثنا اللہ زہری کو اپنی ہی جماعت کے اندر مخالفت کا سامنا کرنا پڑا اور تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں انہیں عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیں: ماہرنگ بلوچ کا بلوچستان میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کی مذمت سے دوٹوک انکار

جس کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) وجود میں آئی، اس جماعت کے قیام کے بعد جام کمال وزیراعلیٰ منتخب ہوئے لیکن وہ بھی اپنی ہی جماعت کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی مخالفت کے باعث وزارتِ اعلیٰ سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں کے بیانات بلوچستان میں کسی بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں،

اس پس منظر میں خاص طور پر کہ جب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ڈھائی ڈھائی سال کے وزارتِ اعلیٰ کے فارمولے کی بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے۔

مزید پڑھیں:بلوچستان حکومت کا لیویز فورس میں اصلاحات کا اعلان، پرانے نوٹیفکیشنز منسوخ

مبصرین کے مطابق اگر یہ فارمولا درست ہے تو ممکن ہے کہ یہ اختلافات آئندہ ڈھائی سال مکمل ہونے پر تبدیلی کی زمین ہموار کرنے کے لیے سامنے لائے جا رہے ہوں۔

فی الحال وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور ان کے حامی ارکان پراعتماد ہیں کہ وہ اختلافات پر جلد قابو پا لیں گے لیکن صوبائی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے کھلے عام بیانات نے بلوچستان کی سیاست میں نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔

اس تناظر میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا وزیراعلیٰ اپنی مدت پوری کر سکیں گے یا صوبے میں ایک اور سیاسی تبدیلی کے آثار قریب آ گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

الیکشن کمیشن کا پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر شدید مایوسی کا اظہار

اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز تیزی، انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا سری لنکا میں آغاز، افتتاحی میچ میں بھارت اور میزبان ٹیم مدمقابل

یوٹیوب کا ڈونلڈ ٹرمپ سے مقدمہ نمٹانے کے لیے 24.5 ملین ڈالر کی ادائیگی پر اتفاق

کوئٹہ دھماکا: سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

ویڈیو

ٹرینوں کا اوپن آکشن: نجکاری یا تجارتی حکمت عملی؟

نمک منڈی میں چپلی کباب نے بھی جگہ بنالی

9 ٹرینوں کا اوپن آکشن اور نئی ریل گاڑیوں کا منصوبہ بھی، ریلویز کا مستقبل کیا ہے؟

کالم / تجزیہ

یہ حارث رؤف کس کا وژن ہیں؟

کرکٹ کی بہترین کتاب کیسے شائع ہوئی؟

سیزیرین کے بعد طبعی زچگی اور مصنوعی دردِ زہ