حکومت پنجاب نے پولیس کے 17 شہدا کے ورثا کو گھر سمیت مالی مراعات دینے کی منظوری دے دی۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں پولیس شہدا پیکچ کی مختلف کیٹگریز کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور پیکچ 3 کے رولز میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی کارروائی،کروڑوں روپے مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں برآمد
وزیر قانون نے کہا کہ پیکچ 3 کے شہدا کو اب دیگر مراعات کے ساتھ گھر بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس تبدیلی کی باضابطہ منظوری پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔
اس سے قبل پیکچ 3 میں ورثا کو گھر فراہم نہیں کیا جاتا تھا جبکہ پیکچ 1 اور 2 میں پہلے ہی یہ سہولت موجود ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی عمران احمد، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی خاں سمیت محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے افسران نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے: میرپور: کشمیری پولیس اہلکاروں کا مطالبات کے حق میں احتجاج، چارٹر آف ڈیمانڈ پیش
اجلاس میں 17 پولیس شہدا کے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، پیکچ 2 کے تحت اے ایس آئی کے ورثا کو 50 لاکھ روپے، گھر اور دیگر مراعات دی جائیں گی جبکہ شہید کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے ورثا کو 40 لاکھ روپے، گھر اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
پیکچ 3 کے تحت شہید ہونے والے کانسٹیبل اور ٹریفک وارڈن کے ورثا کو 35 لاکھ روپے کے ساتھ دیگر مراعات ملیں گی۔