شہزادی ریما بنتِ بندر بن سلطان آل سعود سعودی تاریخ کی پہلی خاتون سفیر ہیں جنہیں 2019 میں، امریکا میں بطور سفیر تعینات کیا گیا۔ وہ سعودی معاشرے میں سماجی اور معاشی تبدیلی کی علامت بن کر سامنے آئی ہیں۔
اپنی تقرری کے 6 سال میں اُنہوں نے اپنے بے مثال فعالیت کے سبب نہ صرف سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تعلقات کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا بلکہ عالمی اور مشرقِ وسطٰی کے امن کے لیے کوششیں کیں۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی ولی عہد کی ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2025 کی اختتامی تقریب میں شرکت
غزہ کے معاملے پر اُن کی فعالیت بہت زیادہ نظر آئی۔ اس سال امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے اُنہوں نے غزہ میں جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ جنگ نہیں رکتی تو اِس سے پورا خطہ پتھر کے دور میں واپس جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی اِس ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ محفوظ محسوس کرے لیکن ایسا فلسطینیوں کی قربانیوں کو فراموش کر کے نہیں کیا جا سکتا۔
حالیہ عرصے میں انہوں نے دو ریاستی حل کو واحد مؤثر اور منصفانہ راستہ قرار دیا ہے اور یہ کہا ہے کہ یہی طویل المدتی امن و استحکام کا حل ہے۔
ریما بنتِ بندر بن سلطان کی ابتدائی زندگی
شہزادی ریما، سعودی شاہی خاندان کے شہزادہ بندر بن سلطان کی صاحبزادی ہیں۔ شہزادہ بندر بن سلطان بن عبدالعزیز سعودی عرب کے ممتاز سفارتکار، انٹیلی جنس چیف، اور شاہی خاندان کے بااثر رکن تھے۔ وہ کئی دہائیوں تک سعودی خارجہ پالیسی کے اہم ستون سمجھے جاتے رہے۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دورہِ پاکستان کے دوران کن معاہدوں پر دستخط کریں گے؟
شہزادی ریما، 1983 سے لے کر 2005 تک واشنگٹن ڈی سی میں اپنے والد کے ساتھ مقیم رہیں اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے میوزیم اسٹڈیز کی تعلیم حاصل کی۔ اپنے پس منظر کی وجہ سے وہ مغربی معاشرے کو بہت قریب سے جانتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بطور سفیر اپنے 6 سالہ دور میں اُنہوں نے خاطر خواہ کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
ریما بنت بندر بن سلطان کا سفارتی کیرئر
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 23 فروری 2019 کو اُنہیں امریکا میں سفیر تعینات کیا اور 8 جولائی 2019 کو اُنہوں نے اپنی سفارتی اسناد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کیں۔اُنہوں نے سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات کو سخت سفارتی دور سے نکال کر مکالمے، اعتماد، اور عوامی سطح کے تعاون کی راہ پر لانے میں نمایاں کردار ادا کیا
وہ سعودی خارجہ پالیسی میں نئی نسل اور نئے طرزِ سفارتکاری کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔انہوں نے امریکی میڈیا، تھنک ٹینکس، اور یونیورسٹیوں میں سعودی عرب کے ویژن 2030 کی وضاحت کی اور بتایا کہ ملک کس طرح خواتین کی تعلیم، روزگار، اور قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سے امریکا میں سعودی عرب کا نرم اور ترقی پسند تاثر مضبوط ہوا۔
سفارتی اور سیکیورٹی تعلقات میں کردار
انہوں نے دفاعی و سیکورٹی امور پر مذاکرات میں بھی کردار ادا کیا، خاص طور امریکا سعودی دفاعی تعاون اور توانائی تحفظ کے معاملات میں اپنا کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان سعودیہ دفاعی معاہدے کے بعد ایک اور پیشرفت، اقتصادی روابط اور مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم
واشنگٹن میں انہوں نے سعودی امن پالیسی خصوصاً یمن اور مشرقِ وسطٰی کے استحکام سے متعلق پر امریکی قانون سازوں کو بریفنگ دی۔
معاشی و ثقافتی تعاون میں کردار
ریما بنت بندر نے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، اور تعلیم کے شعبوں میں امریکی اداروں سے روابط بڑھائے۔ وہ سعودی طلبا، کاروباری خواتین، اور اسٹارٹ اپس کے لیے امریکی اداروں کے ساتھ پل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے مختلف امریکی فورمز میں سعودی عرب کو ایک ترقی پذیر، جدید اور شراکت دار ملک کے طور پر پیش کیا۔
سعودی عرب کا متنوع تاثر پیش کرنے میں کردار
انہوں نے سعودی ایمبیسی کو صرف سیاسی مرکز نہیں بلکہ ثقافتی و سماجی مکالمے کی جگہ بنایا۔ واشنگٹن ڈی سی میں مختلف تقریبات، نمائشوں اور خواتین کے ایونٹس کے ذریعے سعودی معاشرے کی مثبت پہچان کو اجاگر کیا۔
شہزادی ریما کی حالیہ برسوں میں کامیابیاں
شہزادی ریما نے حالیہ برسوں میں سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات، عالمی پالیسی اور ویژن 2030 کے اہداف کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مارچ 2023 میں سعودی عرب کی جانب سے امریکا کی کمپنی بوئنگ کے ساتھ تقریباً 37 ارب ڈالر کا معاہدہ طے کروایا، جس کے تحت سعودی عرب امریکا طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے جدید ڈریم لائنر طیارے خرید جا رہے ہیں، اس سے دونوں ممالک میں ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سعودی عرب کو عالمی لاجسٹک مرکز بننے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیے: صدر پیوٹن کا شہزادہ محمد بن سلمان کو فون، سعودی عرب کی امن کوششوں پر اظہارِ تشکر
انہوں نے ویژن 2030 کے تحت خواتین کو معاشی خودمختاری دلانے کے منصوبوں پر کام کیا۔ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے انہیں مشاورتی کونسل برائے کاروبار و ترقی کا رکن مقرر کیا، جہاں وہ معاشی ترقی، نجی شعبے کے فروغ اور جدت کے منصوبوں پر مشاورت فراہم کر رہی ہیں۔ شہزادی ریما نے زور دیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکا کی شراکت آج کے عالمی چیلنجوں جیسے سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی اور معاشی تنوع کے پیش نظر نہایت اہم ہے۔
انہوں نے فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل کو واحد منصفانہ راستہ قرار دیا اور واضح کیا کہ جب تک غزہ میں فائر بندی اور فلسطینی حقوق کی ضمانت نہیں ہوتی، اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ بین الاقوامی فورمز پر وہ سعودی عرب کی امن پسند خارجہ پالیسی کی ترجمان کے طور پر پیش ہوتی ہیں اور سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں عالمی شراکت داری کو فروغ دینے میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔