وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جب انہیں عہدہ چھوڑنے کا کہا جائے گا تو وہ اس ہدایت پر عمل کریں گے۔
اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ انہیں وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی، جب انہیں عہدہ چھوڑنے کا کہا جائے گا تو وہ اس ہدایت کی تعمیل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی بازگشت
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات جاری ہے، اور ملاقات کے بعد پارٹی قیادت صورتحال سے متعلق وضاحت کرے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا میں قیادت میں ممکنہ تبدیلی پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے، اور عمران خان نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی خاطر ایم آئی کے لیے کام کررہی ہیں، علی امین گنڈاپور کا الزام
اطلاعات ہیں کہ ان کی جگہ موجودہ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے بھی علی امین گنڈاپور کی برطرفی کی تصدیق کردی ہے، تاہم چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے اس پر عملدرآمد ہوگا۔














