پاکستان اور سعودی عرب نے نوجوانوں کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کر لیا۔ اس سلسلے میں جمعہ کو کراچی میں دو اہم یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کی لاہور آمد، وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پرتپاک استقبال
معاہدوں پر دستخط کی تقریب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی موجودگی میں ہوئی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی، قونصل جنرل محمد عبداللہ السبیعی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور دونوں ممالک کے وفود کے اراکین شریک تھے۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو کھیل اور آئی ٹی تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عالمی سطح پر نمایاں کردار ادا کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی وژن 2030 سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، سعودی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم، وزیرِ خزانہ
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور کھیل کے فروغ سے ہی قوم کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جلد ایک دوستانہ میچ بھی منعقد کیا جائے گا۔
دورے کے اختتام پر گورنر سندھ نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور وفد کو کراچی ایئرپورٹ پر الوداع کہا۔ شہزادہ منصور نے گورنر سندھ کی میزبانی اور گرمجوشی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔