اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکا، عرب اور یورپی ممالک کی جانب سے غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے 70 ارب ڈالر لاگت کے منصوبے میں مالی تعاون کی ابتدائی یقین دہانیاں حوصلہ افزا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عرب رہنماؤں کا غزہ میں جنگ بندی پر زور، علاقے کی تعمیر نو کا عزم
یو این ڈی پی کے عہدیدار نے جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہمیں پہلے ہی سے بہت مثبت اشارے مل چکے ہیں، تاہم انہوں نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ان کے مطابق 2 سالہ اسرائیل حماس جنگ کے دوران کم از کم 5 کروڑ 50 لاکھ ٹن ملبہ پیدا ہوا، جس کی صفائی اور بحالی میں طویل وقت درکار ہوگا۔
ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ خلیجی ممالک، امریکا اور یورپ سے غزہ کی تعمیر نو کے لیے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، اور انہیں یقین ہے کہ منصوبوں کی فنانسنگ جلد فراہم کر دی جائے گی۔
شَرم الشیخ سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہاکہ مغربی ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے دراصل دو ریاستی حل کی بنیاد رکھنے والے اقدامات کے طور پر دیکھے جانے چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کی تعمیر نو: اہم یورپی ممالک نے ٹرمپ پلان کیخلاف عرب منصوبے کی حمایت کردی
واضح رہے کہ گزشتہ روز ثالثی ممالک نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں، جس کے بعد غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔














