راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے مسلسل عدم پیشی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے اُن کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کے ساتھ بینک اکاؤنٹس بھی فریز کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:عدالت میں مسلسل عدم حاضری، علیمہ خان کے چوتھی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
عدالت نے نادرا اور امیگریشن حکام کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی، جبکہ علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان ہر جگہ نظر آتی ہیں لیکن عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔
جج امجد علی شاہ نے واضح کیا کہ بارہا مواقع دیے گئے مگر ملزمہ پیش نہ ہوئیں، جس پر چوتھی مرتبہ اُن کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ یہ کارروائی 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران ہوئی، جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ: علیمہ خان کیخلاف ایف آئی اے نوٹسز کیس کی سماعت، تفصیلی رپورٹ طلب
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اس مقدمے میں تفتیشی افسر نے عدالت کو پیش رفت رپورٹ جمع کرائی تھی، جس میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کے ممکنہ ٹھکانوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور اُن کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔













