پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک نیوی کی تیاری دیکھ کر دشمن کو آگے بڑھنے کی جرات نہیں ہوئی، وائس ایڈمرل رب نواز
پاک نیوی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کانفرنس کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے میری ٹائم ڈومین میں روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے مستقل جنگی تیاری کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاک بحریہ علاقائی بحری سلامتی اور امن و استحکام کے قیام میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے قوم کو یقین دلایا کہ پاک بحریہ قومی خودمختاری کے تحفظ اور سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں، جاری اقدامات اور آنے والے ایونٹس کا ایک جامع جائزہ پیش کیا گیا، جس میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کا انعقاد اور تیاریاں بھی شامل ہیں، جو کہ بلیو اکانومی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امارات اور پاک نیوی کی مشترکہ مشق ’نصل البحر‘ کا آغاز
ترجمان کے مطابق کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔













