گلگت بلتستان کا 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملکی قیادت نے علاقے کے عوام کی جرات، حب الوطنی اور 1947 میں پاکستان کے ساتھ الحاق کے تاریخی فیصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام اور پوری قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس روز ہمیں یاد آتا ہے کہ کس طرح علاقے کے بہادر اور محبِ وطن عوام نے ڈوگرہ راج کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا اور پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے: گلگت بلتستان میرا گھر ہے، یہاں کے عوام نے اپنی مرضی سے 1947 میں پاکستان کا انتخاب کیا، صدر آصف زرداری
انہوں نے کہا کہ یہ دن اُن کی قربانیوں، عزم اور مادرِ وطن سے محبت کی یاد دلاتا ہے، اس جذبہ نے خطے کی تاریخ کا رخ بدل دیا۔
وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے گلگت بلتستان کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے شعبوں میں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ خطے کے نوجوان قومی دھارے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں آزادی، اتحاد اور ترقی کے سفر کو نئی توانائی اور ولولے کے ساتھ جاری رکھنے کے عہد کی یاد دلاتا ہے۔














