صدر مملکت آصف علی زرداری اور شاہ عبدالّلہ دوم کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات ہوئی ہے۔ جس میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا گیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں خاتون اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمان شریک تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اردن کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر آصف زرداری اور اردن کے فرماں روا نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کی مشترکہ حمایت کا عزم کیا۔
صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبدالّلہ دوم نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے تحت آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر مصدق ملک، سیکریٹری وزارتِ خارجہ اور پاکستان اور اردن کے سفیر بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے شاہ عبدالّلہ دوم کو نشانِ پاکستان عطا کیا۔
شاہِ اردن نے صدر آصف علی زرداری کو ’وسامُ النّہضہ المرصّع‘ (آرڈر آف دی رینیسانس) سے نوازا، جو سربراہانِ مملکت اور معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کی پاکستان آمد، فقید المثال استقبال، گارڈ آف آنر پیش
تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام بشمول وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف نے بھی شرکت کی۔ جبکہ وفاقی کابینہ کے ارکان اور سفرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔














