صدرِ مملکت آصف زرداری نے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے 2 کامیاب آپریشنز میں 15 خوارج کے مارے جانے پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پر بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کا عزم پوری قوم کے اجتماعی اتفاقِ رائے سے جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں 15 دہشت گرد ہلاک، کمانڈر عالم محسود بھی مارا گیا
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی پشت پناہی یافتہ فتنۂ خوارج کے کارندوں، بشمول سرغنہ عالم محسود، کا مارا جانا سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قومی کاوشوں کا مظہر ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا وانا کیڈٹ کالج میں دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف قائم قومی اتفاقِ رائے میں خلل ڈالنے کے لیے کسی بھی سطح پر کوئی سیاسی چال یا توجہ ہٹانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔
صدرِ مملکت نے آپریشنز میں حصہ لینے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم، بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے جلد وطنِ عزیز کو ہر خارجی کے شر سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائے گا۔














