ایف سی ہیڈ کوارٹر لارالائی میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا ہے، جرگے میں شریک قبائلی عمائدین نے ملک میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
بلوچستان کے ضلع لورالائی میں قائم ایف سی ہیڈکوارٹر میں ایک بڑے گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، کور کمانڈر کوئٹہ، سابق گورنر بلوچستان گل محمد جوگیزئی، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ، آئی جی پولیس، کمشنر لورالائی ڈویژن اور بڑی تعداد میں قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سبی میں گرینڈ جرگہ، امن و ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق
جرگے میں علاقائی سلامتی، ہم آہنگی، قبائلی روابط اور ترقیاتی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مقامی قبائل نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کی جانب سے امن کے قیام اور بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے خطاب میں کہا کہ قبائلی عوام ہمیشہ ریاستی اداروں کے مضبوط شراکت دار رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ امن کے تسلسل، ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج اور ایف سی خطے میں پائیدار امن، سماجی استحکام اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام وسائل استعمال کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن قائم رکھنے میں قبائلی عمائدین کا کردار نہایت اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرم میں قیام امن کے لیے جاری گرینڈ جرگہ ختم، فریقین کا سیز فائر پر اتفاق، معاہدے پر دستخط کردیے
کمانڈر کوئٹہ کور نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا راستہ امن اور اتحاد سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے اور سب کو مل کر وطن دشمن عناصر کی سازشوں کو شکست دینا ہوگی۔
جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے حکومت بلوچستان، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے امن کے قیام بالخصوص دکی کول مائنز اور این 70 کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علاقائی امن، سماجی اتحاد اور ترقی کے سفر میں ریاستی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔














