سوات میں زعفران کی کاشت، نتائج بین الاقوامی معیار سے بھی بہتر

منگل 25 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پہلی بار زعفران کی خوشبو بکھرنے لگی ہے، کیونکہ مقامی سطح پر لگائے گئے زعفران کے پودوں نے پھول دینا شروع کر دیا ہے۔ یہ ایک اہم پیشرفت ہے جو مستقبل میں علاقے کی معیشت اور زراعت دونوں کے لیے نئے امکانات پیدا کر سکتی ہے۔

محکمہ زراعت سوات نے مقامی زمینداروں کے تعاون سے سرکاری سطح پر مختلف علاقوں میں زعفران کے پودے لگائے، جو اب کامیابی سے پھول لا رہے ہیں۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو جلد سوات اپنی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ زعفران کی خوشبو اور پیداوار کے باعث بھی شناخت حاصل کرے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف سوات بلکہ خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع کی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن ڈاکٹر افتخار احمد نے وی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ زعفران کی فصل پہلی بار خیبر پختونخوا میں متعارف کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت 114 کنال رقبے پر زعفران کی کاشت کی گئی۔ سوات کی زمین، آب و ہوا اور درجہ حرارت زعفران کے لیے موزوں ہیں، جس کے باعث یہ تجربہ نہایت کامیاب رہا۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ یہ کاشت لوئر سوات کی 3 تحصیلوں کبل، بریکوٹ اور بابوزئی میں کی گئی ہے۔ ابتدا میں کاشتکار اس فصل کو اپنانے پر رضامند نہیں تھے، کیونکہ ستمبر میں ان کی دیگر فصلیں تیار ہوتی ہیں اور زمین خالی کرنا ان کے لیے مشکل تھا۔ تاہم محکمہ زراعت نے انہیں زعفران کی آمدنی، درکار تربیت اور موزوں ماحول کے بارے میں آگاہ کر کے قائل کیا۔ محکمہ زراعت کا عملہ ویک اینڈ پر بھی متحرک رہا اور دن رات محنت کرکے کاشتکاروں کو عملی تربیت فراہم کی۔

ڈاکٹر افتخار نے مزید بتایا کہ 15 ستمبر سے 15 اکتوبر زعفران کی کاشت کا بہترین وقت ہے۔ سوات کے کئی زمینداروں نے دیگر فصلوں کو ترک کرکے زعفران کی کاشت شروع کر دی ہے، اور یہ تجربہ صوبے میں پہلی مرتبہ کامیابی سے ہوا ہے۔

تحصیل بریکوٹ کے زمیندار شہاب خان نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار زعفران کی کاشت کی اور محکمہ زراعت نے ہر مرحلے پر رہنمائی کی۔ فصل نے 27 اکتوبر سے پھول دینا شروع کیا اور فی کنال روزانہ 2 سے 3 سو پھول حاصل کیے جا رہے ہیں۔ شہاب خان نے کہا کہ وہ اس تجربے سے مطمئن ہیں اور پر امید ہیں کہ یہ فصل ان کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں زعفران کی قیمت تقریباً 12 لاکھ روپے فی کلو ہے، جبکہ بین الاقوامی منڈی میں یہ ڈالروں میں فروخت ہوتی ہے، جس سے کسان کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔

سوات میں پیدا ہونے والا زعفران معیار کے اعتبار سے بھی شاندار قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کا رنگ، خوشبو، اور سب سے اہم حصہ یعنی اسٹگما بین الاقوامی معیار کے مطابق یا اس سے بہتر پایا گیا ہے۔ جلد ہی لیبارٹری ٹیسٹنگ مکمل ہو جائے گی، جس سے معیار کی سائنسی تصدیق بھی ہو جائے گی۔

عالمی سطح پر زعفران کی مانگ بہت زیادہ ہے۔ دنیا کی 90 فیصد پیداوار ایران میں ہوتی ہے، جبکہ افغانستان، اسپین اور کشمیر بھی نمایاں پیدا کرنے والے علاقوں میں شامل ہیں۔ زرعی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے زعفران کی قیمت تقریباً 17 ہزار ڈالر فی کلو تک پہنچ سکتی ہے، جو اس کی معاشی اہمیت کو بڑھا دیتی ہے۔

اس کامیاب تجربے کے بعد محکمہ زراعت سوات اور خیبر پختونخوا حکومت نہ صرف زعفران کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہے بلکہ اس کی لائسنسنگ، کوالٹی سرٹیفیکشن اور برآمدی منظوری جیسے تمام مراحل مکمل کرکے ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ لانے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بی بی سی کے چیئرمین سمیر شاہ کے مبینہ ’بھارتی رابطوں‘ پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے

’پاکستان میری موسی ماں ہے‘، بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر کا پاکستان کے لیے محبت بھرا پیغام وائرل

ایتھوپیا میں غیر معمولی آتش فشانی دھماکا، پروازیں منسوخ، راکھ کا بادل پاکستان کے قریب

فرح خان کی یو ٹیوب آمدن زیادہ ہے یا فلم سے کمائی، بالی ووڈ ہدایت کار کا انکشاف

تشدد اور بال کاٹنے کی وائرل ویڈیو، متاثرہ لڑکی کا بیان سامنے آگیا

ویڈیو

لاہور ریلوے اسٹیشن پر ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ، قلیوں کا ’بوجھ‘ کم

ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کیوں؟ حکومت اور پی پی پی اتحاد ختم؟ پی پی پی دوڑ سے باہر؟

ن لیگ کی ضمنی انتخابات میں کامیابی، کیا مریم نواز کی کارکردگی وجہ بنی؟

کالم / تجزیہ

دیوبند کا سب سے بڑا محسن : محمد علی جناح

پاکستان کا جی ایس پی پلس سفر جاری رہے گا

جیو پالیٹکس اور مذہبی عینک