وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاک فوج اور فیلڈ مارشل کو ٹارگٹ کرتے ہیں جن کو انڈیا اور افغانستان سے لائیک ملتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ یہی ہاؤس تھا اور اسی ہاؤس کے اندر اسپیکر کی کرسی پر اسد قیصر براجماں تھے، اس وقت اپوزیشن کی آدھی فرنٹ لائن جیلوں میں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی میں نام کی تختی بحال کرنے پر فواد چوہدری عطاتارڑ کے شکرگزار
عطاتارڑ نے کہا کہ اس وقت عمران خان کی چیرہ دستیاں جاری تھی، ان کی فسطائیت عروج پر تھی، اس کے باوجود ہم مذاکرات کی بات کرتے تھے، اس وقت کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ تھا وہ میثاق معیشت کرنے پر تیار ہیں، آؤ ہم سے بات کرو۔
کے پی میں حکومت پی ٹی آئی کی انتظامیہ پی ٹی آئی کی اس سب کے باوجود بابر نواز ان سے ہری پور کی نشست چھین کر لائے ہیں ، عطاتارڑ pic.twitter.com/9E8cPXJz3z
— WE News (@WENewsPk) November 27, 2025
انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ لوگ ہمیں برا بھلا کہتے تھے، ہم تو اس ملک کی بات کر رہے تھے، اب بھی اسپیکر نے کئی بار مذاکرات کی کال دی، جس کے لیے کمیٹی بھی بنی، اپوزیشن نے اس عمل کو سبوتاژ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیلیکٹو میموری ہے جو کہتی ہے ’میرا سب اچھا ہے تمہارا سب برا ہے‘، یہ اس ملک میں نہیں چلے گا، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کیا، جو میدان سے باہر تھا اس کو تنقید کا بھی کوئی حق نہیں ہے کہ ضمنی الیکشن پر بات کرے۔
بابر نواز کے سامنے بہت بڑا سیاسی خاندان تھا
وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے بابر نواز خان کو ہری پور سے الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ بابر نواز کے سامنے ایک بہت بڑا سیاسی خاندان تھا اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے تمام وسائل ان کے ساتھ تھے، جس میں حکومت، پولیس اور انتظامیہ شامل تھی، اس کے باوجود بابر نواز نے ان سب پر کامیابی حاصل کی اور آج قومی اسمبلی میں حلف اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں: اطلاعات موجود ہیں کہ انڈیا پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کرے گا، عطاتارڑ
انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدالتوں نے اپنے ماضی کے غلط فیصلوں کی تصحیح کی اور نواز شریف کے ساتھ جو عدالتی زیادتیاں ہوئی تھیں، ان پر انہیں ہائیکورٹس سے ریلیف ملا۔
پی ٹی آئی نے سیاسی عمل کا حصہ بننے سے انکار کیا
عطاتارڑ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی عمل کا حصہ بننے سے انکار کیا اور ضمنی انتخابات بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ ان کا اپنا تھا، اب وہ دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے الیکشن بائیکاٹ پر میں صرف اتنا ہی کہو گا کہ "صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں " عطاتارڑ pic.twitter.com/4SamgMmkYG
— WE News (@WENewsPk) November 27, 2025
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی اعلیٰ عدالتوں نے اپنے ماضی کے غلط فیصلوں کی تصحیح کی، نواز شریف سے جو عدالتی ذیادتیاں ہوئی ان پر انہیں ہائیکورٹس سے ریلیف ملا۔
انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف بیمار تھے تو پی ٹی آئی کی اپنی کابینہ نے ان کو ملک سے باہر علاج کے لیے بھیجا، آج یہ ان پر تنقید کرتے ہیں تو انہیں آج اپنے طرز عمل پر تھوڑی سی نظرثانی کرنی چاہیے، تھوڑا اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہیے۔
یہ میڈیا پر بیٹھ کے فارم 47 کی بات کرتے ہیں اور عدالتوں میں جا کے دوڑ لگا لیتے ہیں
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اگر دھاندلی کا شور کرتے ہیں تو میں ان سے پوچھتا ہوں کہ آپ کے لیگل ثبوت کدھر ہیں، ٹریبول کے لیے آپ نے کیا کیس تیار کیا ہے، ہم پر بھی یہ الزام لگاتے تھے، میرے خلاف جو پی ٹی آئی امیدوار تھا وہ 25 دفعہ عدالت سے بھاگ چکا، یہ میڈیا پر بیٹھ کے فارم 47 کی بات کرتے ہیں اور عدالتوں میں جا کے دوڑ لگا لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اوورسیز کنونشن سے بیرون ملک بھگوڑوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، عطاتارڑ
ان کا کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی کا دہرا معیار ہے کہ میڈیا پر فارم 47 کا شور مچاؤ اور جب عدالت کہے کہ ثبوت لے کے آؤ تو یہ تاریخ پہ تاریخ لیتے ہیں، انہوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا لیکن انہوں نے ہمارے مخالف امیدواروں کے ساتھ مل کر پوری پوری مہم چلائی، اس کے باوجود ان کو شکست فاش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی بائیکاٹ نہیں ہوتا، اپنی سیاسی غلطی کو چھپانے کے لیے اسمبلی کو الزام دینا اور نواز شریف پر الزام تراشی قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جو پاک فوج اور فیلڈ مارشل کو ٹارگٹ کرتے ہیں
عطاتارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جو پاک فوج اور فیلڈ مارشل کو ٹارگٹ کرتے ہیں، ان کو انڈیا اور افغانستان میں لائیکس ملتے ہیں، یہ یہاں کہیں گے کہ ان کا ان اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں، یہ گڈ کاپ بیڈ کاپ مل کے کھیلتے ہیں، ان کی پوری اشیرباد ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔













