وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے معاملے کو سیاسی چال کے طور پر استعمال کررہی ہے کیوں کہ پی ٹی آئی کی تمام تحریکیں اور دعوے ناکام ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کے پاس جیل میں 6 بڑی بیرکس ہیں، طلال چوہدری
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی 26 نومبر کو کوئی سیاسی شو کرنے میں ناکام رہی، کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ بدلے گا تو نیا وزیراعلیٰ ایسی تحریک چلائے گا کہ بانی پی ٹی آئی فوری رہا ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مشترکہ اپوزیشن بنائی، جوائنٹ اپوزیشن بھی ملک میں کوئی بڑی تحریک چلانے میں ناکام رہی، پھر وکلا تحریک کی بات چلی وہ بھی ناکام ہوئی، پی ٹی آئی کی اسمبلی کے اندر اور باہر تحریکیں ناکام ہو چکی ہیں، اسی لیے اب عمران خان سے ملاقات کو سیاسی اسٹنٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی تناؤ میں شدت، عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا دھرنا جاری
ان کا کہنا تھا کہ جیل مینوئل کے مطابق قیدیوں کی ملاقاتیں ہوتی ہیں نہ کہ کسی کی خواہشات پر ملاقاتیں ہوتی ہیں، پی ٹی آئی عدالت میں گئی ہوئی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ جیل مینوئل کے تحت ملاقاتوں کا فیصلہ کون کرے گا، کیا ملاقات ڈکٹیشن کی جائے گی، کیا امن و امان کا مسئلہ پیدا کرکے ملاقاتیں کی جائیں گی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ کیا ملاقات میں کوئی ایسے اشارے دیے جائیں جن سے ملک میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو جائے تو کیا یہ ملاقاتیں ہونی چاہئیں، یہ بڑے قانونی سوال ہیں، جیل مینوئل کے تحت ملاقاتوں کا فیصلہ جیل حکام نے ہی کرنا ہے، حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا کرکے جس سے جیل میں باقی قیدیوں کو خطرہ پیدا ہو، کیا یہ اچھی روایت بنے گی کہ کوئی بھی آئے، اپنے رشتہ دار آئیں، جیل کے دروازے پر بیٹھیں، جیل کا دروازہ توڑیں اور ملاقاتیں کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، بلیک میلنگ کی سیاست نہیں چلے گی، طلال چوہدری
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں ملاقاتوں میں کئی ایسے احکامات اور حکم دیے ہیں جن سے مسائل پیدا ہوئے ہیں، یہ جیل کے باہر جان بوجھ کر مسائل پیدا کرتے ہیں، عدالت نے کہا تھا کہ میڈیا سے بات نہ کریں، یہاں پر پی ٹی آئی عدالتی احکامات کو نہیں مانتی۔
عمران خان کے کیسز کی روزانہ سماعت سے متعلق سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ روزانہ سماعت پر بھی پی ٹی آئی کو مسئلہ تھا، اب روز نہیں ہوتی تب بھی مسئلہ ہے، ملک دشمنوں کا بیانیہ الفاظ بدل کر بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹس اور پی ٹی آئی قیادت کا بیانیہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق افغانستان اور بھارتی میڈیا نے بات کی، اسی بات کو پی ٹی آئی لے کر آگے چلی۔ پی ٹی آئی نے ایک درجن سے زیادہ بار اپنے لیڈر کو فوت کر دیا ہے، یعنی ایک درجن سے زیادہ مرتبہ افواہیں پھیلی ہیں کہ عمران خان فوت ہو گئے ہیں، انہیں دفنا دیا گیا ہے، وہ مل نہیں رہے، انہیں جیل سے شفٹ کر دیا گیا ہے، یہ سب افواہیں پی ٹی آئی پھیلاتی ہے۔














