پنک موبائل پولیس وین پنجاب حکومت کی ایک نئی اور انقلابی سہولت ہے، جو خاص طور پر خواتین کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ ایک موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی صورت میں کام کرتی ہے، جو گھر کی دہلیز پر پہنچ کر پولیس اور لائسنس سے متعلق خدمات فراہم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت: خواتین میں پہلی مرتبہ بائیک رائیڈنگ کا رجحان
اس وین میں خواتین ایف آئی آر درج کروا سکتی ہیں، لرنر،لائسنس اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری یا تجدید کروا سکتی ہیں، کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتی ہیں، اور دیگر پولیس خدمت سینٹر کی سہولیات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ اس وین میں ڈرائیونگ کے لیکچرز اور ہنر کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔
یہ خواتین کی خودمختاری اور انصاف تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ بہت سی خواتین پولیس اسٹیشن جانے سے گریز کرتی ہیں، اس لیے یہ وین ان کی دہلیز پر خدمات لے آتی ہے، جو خواتین کی بااختیاری اور تحفظ کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس میں خواتین کا کردار مردوں سے کم نہیں، آئی جی اسلام آباد کا عالمی یوم خواتین پر پیغام
اب تک پنجاب بھر میں 33 موبائل پولیس اسٹیشن چل رہے ہیں، جن میں سے 7 پنک وینز خاص طور پر خواتین کے لیے ہیں۔ یہ یونیورسٹیوں، کالجوں، کام کی جگہوں اور دور دراز علاقوں میں باقاعدگی سے جاتی رہتی ہیں۔













