تیسری دنیا کے شہریوں کی امریکی امیگریشن پر پابندی: پاکستانی کس حد تک متاثر ہوں گے؟

بدھ 3 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 28 نومبر کو ’تیسری دنیا کے ممالک‘ سے امریکا ہجرت والوں کو مستقل طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے، ان کے مطابق امریکی امیگریشن نظام شدید دباؤ کا شکار ہے اور اسے مکمل طور پر بحال ہونے کا وقت دینا چاہیے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں منظور ہونے والے لاکھوں داخلوں کو منسوخ کیا جائے گا اور ایسے غیر شہری جنہیں وہ ’نیٹ اثاثہ‘ یا مغربی تہذیب سے ہم آہنگ نہ سمجھیں، انہیں ملک بدر کیا جائے گا اور وفاقی فوائد و سبسڈیز سے بھی محروم رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کا امیگریشن کا عمل مستقل روکنے کا اعلان اور ’ریورس مائیگریشن‘ پر زور

یاد رہے کہ یہ اعلان واشنگٹن ڈی سی میں ایک افغان نژاد شخص کے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے امیگریشن پالیسی سخت کرنے کا فیصلہ کیا، اس میں گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ اور بعض پناہ گزین درخواستوں کی عبوری معطلی شامل ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ ’تیسری دنیا‘ کی اصطلاح میں شامل ممالک کون سے ہیں اور یہ پابندی کب تک برقرار رہے گی، کیونکہ ٹرمپ نے اس حوالے سے کوئی فہرست یا قانونی وضاحت پیش نہیں کی۔

گرین کارڈ ہولڈرز کون ہوتے ہیں؟

گرین کارڈ ہولڈرز وہ افراد ہوتے ہیں جنہیں امریکی حکومت کی جانب سے مستقل رہائشی کارڈ دیا جاتا ہے، جسے عام طور پر گرین کارڈ کہا جاتا ہے۔ اس کارڈ کے حامل افراد کو امریکا میں مستقل طور پر رہنے، کام کرنے اور آزادانہ سفر کرنے کا قانونی حق حاصل ہوتا ہے۔

اگرچہ انہیں ووٹ دینے جیسے کچھ حقوق نہیں ملتے، لیکن وہ زیادہ تر معاملات میں امریکی شہریوں کی طرح زندگی گزار سکتے ہیں اور مخصوص مدت پوری ہونے کے بعد امریکی شہریت کے لیے درخواست بھی دے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا: افغانستان سمیت 19 غیر یورپی ممالک کے شہریوں کی امیگریشن درخواستیں معطل

پاکستان کا شمار بھی تیسری دنیا کے ممالک میں ہوتا ہے، اگر یہ پابندی تمام تھرڈ ورلڈ ممالک پر عائد ہوتی ہے تو یقینا پاکستانی بھی اس سے شدید متاثر ہوں گے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے گزشتہ 20 سال سے ڈیلس میں مقیم پاکستانی محمد فراز اختر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کا سب سے بڑا اثر نئی امیگریشن کی بندش کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔

ان کے مطابق اگر پابندی تمام ترقی پذیر ممالک پر یکساں طور پر لاگو ہوتی ہے تو پاکستانی شہریوں کی فیملی اسپانسرشپ، روزگار کے ویزے، سرمایہ کاری کے کیسز، اور گرین کارڈ کی درخواستیں یا تو روک دی جائیں گی یا غیر معمولی سخت شرائط کے ساتھ قبول ہوں گی۔

مزید پڑھیں: پوپ لیو کی صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں پر تنقید، تارکین وطن سے سلوک کو غیرانسانی قرار دیدیا

’وہ پاکستانی خاندان جو برسوں سے اپنے پیاروں کے امیگریشن کیسز کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں، ان کے لیے یہ فیصلہ شدید مایوسی اور بے یقینی کا باعث بن سکتا ہے اور سب سے زیادہ مشکلات بھی انہی کے لیے ہوں گی۔‘

فراز اختر کے مطابق بیوی، ماں، باپ اور بچے، یہ تمام وہ رشتے ہیں، جنہیں پردیس میں رہنے والے اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں اور اسی امید پر برسوں گزار دیتے ہیں کہ خود اتنے سیٹل ہو جائیں،  تاکہ جلد از جلد بیوی بچوں اور ماں باپ کو بلا لیں۔

’نہ جانے کتنے لوگ ہوں گے جن پر یہ وقت اب آ چکا ہوگا کہ ان کی برسوں کی دوریاں ختم ہونے کو ہوں گی مگر ان سخت اعلانات کے بعد اپنے پیاروں سے ملنے کی مایوسی اب پہلے سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہوگی۔‘

مزید پڑھیں: امریکا: افغان کمیونٹی میں غیریقینی صورتحال، ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں نے مشکلات بڑھا دیں

امریکا میں مقیم پاکستانی پرویز خٹک، جو پی ایچ ڈی کے طالب علم ہیں، کا کہنا تھا کہ  ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ’سابق منظور شدہ داخلوں‘ کو منسوخ کرنے کی تجویز بھی ہے۔

اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ پاکستانی جن کے امیگریشن ویزے، گرین کارڈز، یا ایڈجسٹمنٹ آف اسٹیٹس کی درخواستیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں لیکن وہ امریکا میں داخل نہیں ہو سکے، اب ان کی محنت، مالی اخراجات اور برسوں کی کوشش خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

’یہ فیصلہ صرف افراد ہی نہیں بلکہ ان کے اہلِ خانہ کے مستقبل پر بھی گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔‘

مزید پڑھیں:امریکی امیگریشن: درخواست گزاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی سخت جانچ ہوگی، ٹرمپ انتظامیہ

محمد فراز کے مطابق گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ سیکیورٹی اسکریننگ بھی ایک مسئلہ ہے۔ اگر ٹرمپ انتظامیہ واقعی گرین کارڈ ہولڈرز کی ری اسکریننگ نافذ کرتی ہے تو امریکا میں مقیم ہزاروں پاکستانی مستقل رہائشی خطرے کی کیفیت محسوس کر سکتے ہیں۔

’ان پر اضافی پس منظر کی جانچ، سفری ریکارڈ کی سخت پڑتال، اور بعض صورتوں میں امیگریشن اسٹیٹس کی منسوخی جیسے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ایسے گرین کارڈ ہولڈرز جو کسی چھوٹے جرم، ٹیکس مسائل یا امیگریشن تکنیکی غلطی کا شکار رہے ہوں، وہ خاص طور پر زیادہ خطرے میں ہوں گے۔

مزید پڑھیں:‘ان میں سے زیادہ تر اچھے نہیں ہوتے،’ ٹرمپ کا طویل عرصے تک پناہ گزینوں کی آمد روکنے کا اعلان

پناہ گزین درخواستوں کی عارضی معطلی بھی پاکستانیوں کے لیے ایک چیلنج ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو امریکا میں انسانی حقوق، مذہبی آزادی، یا سیاسی وجوہات کی بنیاد پر پناہ لینا چاہتے ہیں، نئی سختیوں کے بعد اس پورے پروسیس میں تاخیر یا بندش کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ طلبا، کاروباری افراد اور عارضی ویزا ہولڈرز کے لیے صورتحال بہت مشکل ہو سکتی ہے۔ اگر پابندیوں میں مزید سختی کی گئی تو F1 اسٹوڈنٹ ویزے، H1-B ورک ویزے، اور B1/B2 وزٹ ویزوں کے حصول میں رکاوٹیں کھڑی ہو سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ نے بائیڈن کے آٹوپین سے دستخط شدہ تمام احکامات منسوخ کر دیے

پرویز خٹک کے مطابق پاکستانی نوجوان جنہوں نے امریکی یونیورسٹیوں میں داخلے حاصل کیے ہیں یا وہ کمپنیاں جو پاکستانی پروفیشنلز کی خدمات حاصل کرنا چاہتی ہیں، سب متاثر ہوں گے، جس کے نتیجے میں پاکستانیوں کے لیے امریکا میں تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع محدود ہو سکتے ہیں۔

ان کے بقول صدر ٹرمپ کے اس اعلان سے پاکستانیوں سمیت تمام ممالک کے پناہ گزینوں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ڈیلیوری والوں کے پاس چینج نہ ہونے پر بدنیتی کا الزام، ندا یاسر کو لوگوں نے آڑے ہاتھوں لےلیا

وفاقی آئینی عدالت نے ارشدشریف قتل کیس میں سوموٹو کارروائی کے تحت پیشرفت رپورٹ طلب کرلی

مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

شدید طوفان سے متاثرہ سری لنکا کے لیے پاکستان کی اعلیٰ سطح کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم روانہ

مفتی منیب الرحمان ڈینگی وائرس سے متاثر، اسپتال میں زیر علاج

ویڈیو

کتاب ہر ہاتھ میں، بلوچستان حکومت کا ’کتاب گاڑیوں‘ کا منفرد منصوبہ

کوئٹہ کی سلیمانی چائے، سرد شہر کی گرم پہچان اور روایتی ذائقہ

چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کے معاملے پر شہباز شریف نواز شریف سے کیوں نہ ملے؟

کالم / تجزیہ

دنیا بھر میں افغان طالبان کے خلاف ماحول بنتا جا رہا ہے

کرکٹ کا سچا خادم اور ماجد خان

بابر اعظم کو ‘کنگ’ کیوں کہا جاتا ہے؟