وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گٹر کے ڈھکن چوری کرنے والوں کو موقع پر لا کر گولی ماری جائے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گدھا گاڑی پر سوار خاتون اور دو لڑکے گٹر کے پاس آکر رکتے ہیں اور ڈھکن چوری کر لیتے ہیں۔
اگر ان لوگوں کا وڈیو ریکارڈ بنا ھوا ھے تو انکو موقع واردات پہ لا کر گولی ماریں۔ یہ معصوم بچوں کے قاتل ھیں۔ اگر اسکے باوجود کوئ ایکشن نہیں تو سسٹم بھی ان بچوں کے قتل کا سہولت کار ھے۔ https://t.co/eTqWg8yNax
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) December 5, 2025
اسی طرح ایک چنگچی رکشے والا شخص ایک گٹر کے پاس آکر رکتا ہے، اور نیچے اتر کر حالات کا جائزہ لینے کے بعد گٹر کا ڈھکن لے کر چلتا بنتا ہے۔
اسی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار میں سوار ہو کر آنے والے دو افراد بھی گٹر کا ڈھکن چوری کر لیتے ہیں، اور آرام سے گاڑی کی ڈگی میں رکھ کر چلے جاتے ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اگر ان لوگوں کا وڈیو ریکارڈ بنا ہوا ہے تو ان کو موقع واردات پر لا کر گولی ماردیں، کیوں کہ یہ معصوم بچوں کے قاتل ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر اس کے باوجود کوئی ایکشن نہیں ہوتا تو سسٹم بھی ان بچوں کے قتل کا سہولت کار ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں کراچی میں ایک کھلے گٹر میں گر کر ایک بچے کی موت واقع ہوئی ہے، جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔
بچے کی ناگہانی موت پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بچے کے خاندان سے معذرت کرلی تھی۔














