راولاکوٹ کی تحصیل ہجیرہ سے راولپنڈی جانے والی ایک مسافر وین آزاد پتن کے مقام پر دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں متعدد افراد لاپتا ہوگئے۔
ضلع سدھنوتی کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 4 مسافروں کو زندہ نکال لیا ہے، جبکہ مزید 12 افراد کی تلاش ابھی جاری ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال کہوٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ سے ہجیرہ کے راستے راولپنڈی جانے والی مسافر ہائی ایس وین (نمبر 7599) آزاد پتن کے قریب خوفناک حادثے کا شکار ہوکر دریا میں جا گری۔ وین میں 16 مسافر سوار تھے جن میں سے 4 افراد کو زندہ ریسکیو کرلیا گیا ہے، جبکہ باقی 12 مسافروں کی تلاش جاری ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر میں کوسٹر کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق، حادثے کی خوفناک ویڈیو سامنے آگئی
حادثے کی شکار وین کے ڈرائیور کی شناخت ادریس کے نام سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق وین حادثے کے بعد ڈیم میں ڈوب گئی۔ حادثے سے چند لمحے قبل 3 مسافر، جن میں کنڈکٹر بھی شامل تھا، گاڑی سے گر گئے تھے اور بعد میں بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ انہیں بھی کہوٹہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی کے مطابق ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کی متعدد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تیز پانی کا بہاؤ اور دشوار گزار علاقہ سرچ آپریشن میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں، تاہم لاپتا مسافروں کی تلاش مسلسل جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر اضافی عملہ تعینات کر دیا ہے تاکہ ریسکیو سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر: ایک ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 40 اموات، ذمہ دار کون؟
ریسکیو اداروں نے مزید جانب دار ٹیمیں بھی طلب کرلی ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔














