قومی علما و مشائخ کانفرنس میں پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی، عسکری قیادت کو خراجِ تحسین

جمعہ 12 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے ملکی سلامتی، استحکام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عسکری قیادت سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

اسلام آباد کے  کنونشن سینٹر میں منعقدہ قومی علما و مشائخ کانفرنس میں علماء نے مذہبی ہم آہنگی، قومی وحدت اور امن کے قیام پر زور دیتے ہوئے موجودہ ملکی صورتحال پر اہم نکات بھی پیش کیے۔

کانفرنس کے شرکاء نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور یہ مؤقف اختیار کیا کہ قومی سیفٹی، قیادت کے باہمی اتحاد اور ریاستی اداروں کے مضبوط تعلق کے بغیر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں۔

’فوج سے یکجہتی دین اور آئین کا تقاضا ہے‘، مفتی عبدالرحیم

جامعہ رشید کے سربراہ مفتی عبدالرحیم نے خطاب میں پاک فوج اور عسکری قیادت سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ حالات میں سیاسی و عسکری قیادت کے مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے، اور اس یکجہتی پر پوری قوم کو شکر ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کو اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین کا محافظ ہونے کا شرف عطا کیا ہے اور غزوہ ہند کی سعادت بھی نصیب فرمائی ہے، اس لیے پوری قوم کو فوج کا ساتھ دینا چاہیے۔

مفتی عبدالرحیم نے ’فتنہ خوارج‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس فتنے کے خلاف 42 احادیث موجود ہیں اور اس کی سرکوبی کے لیے پاک فوج اللہ کی منتخب کردہ قوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خوارج مذہب کے نام پر دہشتگردی کر رہے ہیں جبکہ بھارت اور اسرائیل افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

’مدارس کے 30 لاکھ طالبعلم فوج کے ساتھ ہیں‘، حافظ طاہر اشرفی

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وطن کی سرحدوں کی حفاظت فوج کی جبکہ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت علماء کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مئی میں پاکستان کو حاصل ہونے والی ’ملی فتح‘ اللہ کی مدد اور قوم و فوج کے اتحاد کا نتیجہ تھی۔

پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈے کی شدید مذمت، علامہ شبیر حسن میثمی

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ’بنیان المرصوص‘ نے پاکستان کو دنیا بھر میں عزت بخشی ہے۔ انہوں نے فوج کے خلاف جاری منفی مہمات اور پروپیگنڈے کی شدید مذمت کی۔

’فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں تاریخی فتح‘، علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری

جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے معرکۂ حق میں تاریخی فتح حاصل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاست دان کو فوج کے خلاف بیانیہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

’علماء ہر قدم پر فوج کے ساتھ ہیں‘، پیر حسان حسیب الرحمان

پیر حسان حسیب الرحمان نے علماء کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پاسپورٹ دنیا میں عزت پا رہا ہے اور اوورسیز پاکستانی فخر کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’پیغامِ پاکستان‘ کو قانون کا حصہ بنایا جائے تو دہشتگردی کے خاتمے میں بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp