پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 8ویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان کی بلیو اکانومی کی ترقی اور اس کی بے پناہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر 21ویں صدی میں انتہائی اہمیت اختیار کر چکے ہیں اور ملکی سلامتی، معاشی استحکام اور علاقائی تعاون کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کی دوطرفہ بحری مشق، تجربات کا تبادلہ
سید یوسف رضا گیلانی نے ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک بحریہ قوم میں سمندروں کی اہمیت اور قومی سلامتی کے ساتھ اس کے گہرے تعلق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے جہاز رانی، ماہی گیری اور دیگر بحری شعبوں کی استعداد بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان صنعتوں کی مضبوطی ملکی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
تقریب میں آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، جبکہ کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے ورکشاپ کی سرگرمیوں اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیے: پاک بحریہ کا بحیرہ عرب کا کامیاب آپریشن، 1500 کلو گرام منشیات ضبط
میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ پاک بحریہ کا سالانہ پروگرام ہے، جس میں اراکینِ پارلیمنٹ، پالیسی ساز، بیوروکریٹس، ماہرینِ تعلیم، کاروباری افراد، مسلح افواج کے افسران اور میڈیا نمائندگان شرکت کرتے ہیں۔
ورکشاپ کا مقصد بحری سلامتی، عالمی جیوپولیٹکس اور بحرِ ہند کے اسٹریٹجک ماحول کے بارے میں شعور اور فہم میں اضافہ کرنا ہے۔













