وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بیانات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں، ان کا ووٹر اب مایوس ہو کر گھر بیٹھ گیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کا ووٹر اب مایوس ہو کر گھر بیٹھ گیا ہے، خیبرپختونخوا میں اپنی انتظامیہ اور وسائل کے باوجود لوگ ان کی کال پر نہیں نکل رہے۔
مزید پڑھیں: ’اڈیالہ پہنچو‘: پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے لیے اہم ہدایات جاری
انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی میں کس سے بات کریں، یہ تو پارٹی میں ایک دوسرے سے بات نہیں کرتے، علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے الگ الگ گروپ ہیں۔
عمران خان سے جیل میں ملاقات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ عظمیٰ خان کی ملاقات اس لیے کرائی تھی کہ انہوں نے قواعد کی خلاف ورزی نہیں کی تھی، لیکن اب ان پر بھی کراس لگ گیا۔
انہوں نے کہاکہ ملاقات کے بعد جو جو قواعد کی خلاف ورزی کرتا گیا اس پر پابندی لگ چکی ہے، اگر آج ان کو چھوٹ دیں گے تو کل دوسرے قیدی بھی یہی مطالبات کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف جب جیل میں تھے تو ان سے ملنے والے وکلا صرف کیسز سے متعلق گفتگو کرتے تھے، کبھی سیاسی گفتگو نہیں کی۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی سے بات چیت کی اب گنجائش نہیں، عمران خان بے گناہ نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار ہیں۔
مزید پڑھیں: صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں، مجھے کون روک سکتا ہے؟ سہیل آفریدی ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئے
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں، ان کا ایک صبح کا ناشتہ غریب آدمی کے چار دن کے کھانے کے برابر ہے۔














