ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز راب رائنر کے خاندان سے جڑا ایک ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ان کے بیٹے کو والدین کے قتل کے شبہے میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ واقعے نے امریکی فلم انڈسٹری اور عوامی حلقوں میں گہرے صدمے اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رابرٹ ریڈفورڈ 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
لاس اینجلس پولیس کے مطابق 32 سالہ نک رائنر کو اتوار کی شب حراست میں لیا گیا اور انہیں قتل کے الزام میں کاؤنٹی جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ تاحال ضمانت کے بغیر زیرِ حراست ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے مقدمے سے متعلق شواہد منگل کے روز ڈسٹرکٹ اٹارنی کے سامنے پیش کیے جائیں گے، جس کے بعد باضابطہ فردِ جرم عائد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پولیس نے بتایا کہ راب رائنر اور ان کی اہلیہ مشیل رائنر کو اتوار کی دوپہر لاس اینجلس کے پوش علاقے برینٹ ووڈ میں واقع ان کے گھر سے مردہ حالت میں پایا گیا۔ تفتیش کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ دونوں کو قتل کیا گیا اور اس واقعے میں ان کا بیٹا نک رائنر ملوث ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول جوڑے کی بیٹی سب سے پہلے گھر پہنچی اور والدین کی لاشیں دیکھیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ نک رائنر ماضی میں منشیات کے استعمال اور ذہنی دباؤ جیسے مسائل کا شکار رہے ہیں اور انہوں نے خود مختلف مواقع پر نشے کی لت اور بے گھری کے ادوار کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔

2016 میں ایک انٹرویو کے دوران نک رائنر نے بتایا تھا کہ انہوں نے 15 برس کی عمر میں پہلی بار نشے کے علاج کے لیے بحالی مرکز کا رخ کیا اور بعد ازاں کم از کم 17 مرتبہ مختلف ری ہیب سینٹرز میں داخل رہے۔ انہی ذاتی تجربات کی بنیاد پر فلم Being Charlie بنائی گئی، جسے نک رائنر نے اپنے والد کے ساتھ مل کر تحریر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:‘پائرٹس آف دی کیریبین’ کے اداکار جانی ڈیپ طویل وقفے کے بعد ہالی ووڈ میں واپسی کے لیے تیار
مقامی میڈیا کے مطابق واقعے سے ایک رات قبل نک رائنر کو ایک نجی تقریب میں اپنے والدین سے تلخ کلامی کرتے دیکھا گیا تھا، تاہم پولیس نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
راب رائنر 78 برس کی عمر میں ہالی ووڈ کی ایک بڑی اور مؤثر شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے When Harry Met Sally، The Princess Bride، Stand by Me، Misery اور A Few Good Men جیسی یادگار فلموں کی ہدایت کاری کی۔ وہ سیاسی طور پر بھی سرگرم رہے اور لبرل نظریات کے حامی کے طور پر جانے جاتے تھے۔

لاس اینجلس کی میئر کیرن باس سمیت متعدد شخصیات نے راب رائنر کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جب کہ اس المناک واقعے پر شوبز انڈسٹری میں سوگ کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔













