پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث عناصر کا احتساب ہوگا، 9 مئی کے کرداروں کے خلاف کارروائی شروع، رانا مشہود

منگل 16 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ پاکستان کو توڑنے، ریاستی اداروں کو کمزور کرنے اور افواجِ پاکستان کے خلاف منظم مہم چلانے والے تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید اور نیازی جیسے کردار اس عمل کی ابتدا ہیں اور پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ رانا مشہود نے واضح کیا کہ احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے اور کسی کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:جنرل فیض حمید کیس: سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کیخلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟

9 مئی اور ریاست کے خلاف سازش

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ 9 مئی کو پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازش اور ریاستی تنصیبات کو نشانہ بنانے میں ملوث عناصر کا احتساب ہونا باقی ہے، جو ہر صورت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

غیر ملکی فنڈنگ اور کرپشن کیسز

رانا مشہود نے کہا کہ فنڈنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ جلد آنے والا ہے، جس میں غیر ملکی لابیوں سے رقوم لینے کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ سمیت دیگر کرپشن اسکینڈلز کی نئی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں اور جو عناصر ملک کو لوٹ کر بیرونِ ملک فرار ہو چکے ہیں، ان کا بھی احتساب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت: ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نے تقریب میں مسلمان خاتون کا نقاب کھینچ دیا، شدید تنقید کا سامنا

اداروں میں احتساب کا آغاز

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے کہا کہ ملکی اداروں نے اپنے اندر سے احتساب کا آغاز کیا ہے اور اس عمل میں شامل سیاسی کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مضبوطی دشمنوں کو ناگوار گزرتی ہے، مگر ایک محفوظ اور مستحکم پاکستان ہی دشمن قوتوں کی ناکامی کی ضمانت ہے۔

افواجِ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا

رانا مشہود نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارت کو مؤثر جواب دیا گیا، جس پر دشمن کو تکلیف ہونا فطری ہے، مگر افسوس کہ پاکستان میں بیٹھے کچھ عناصر بھی افواجِ پاکستان کے خلاف زبان درازی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو اب جواب دینا ہوگا۔

بھارت میں مسلمانوں پر مظالم اور عالمی اداروں کی خاموشی

انہوں نے بھارت میں پیش آنے والے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بہار میں ایک مسلمان خاتون کا نقاب نوچا گیا، مگر نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش رہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہاں کا آئین، قانون اور انسانی حقوق کہاں گئے، جن کی بنیاد پر پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

حکومت، افواج اور مظلوموں کے ساتھ یکجہتی

رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور افواج، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سربراہی میں، ہر مظلوم ماں، بہن اور بیٹی کے ساتھ کھڑی ہیں، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں انڈیپینڈنٹ گروپ کی کامیابی پر رانا مشہود کی جانب سے تقریب کا اہتمام

مضبوط پاکستان اور نوجوانوں کا عزم

انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہے، مضبوط رہے گا اور مزید مضبوط ہوگا۔ پاکستان کے نوجوان اب قومی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید اور نیازی جیسے کرداروں کے خلاف کارروائی ایک آغاز ہے اور پاکستان کے غداروں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp