اوپن اے آئی کا منفرد نظام: ملازمین اب ایک ای میل سے اعلیٰ قیادت تک مسئلہ پہنچا سکتے ہیں

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مصنوعی ذہانت کے شعبے کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے ملازمین کے لیے ایک منفرد داخلی نظام متعارف کروادیا ہے جس کے ذریعے وہ دفتری رکاوٹوں، غیر مؤثر طریقہ کار اور روزمرہ مسائل کی نشاندہی براہ راست کمپنی کی اعلیٰ قیادت تک پہنچا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اوپن اے آئی نے امریکی حکومت کو 5فیصد شراکت کی تجویز کیوں دی؟

کمپنی کے اس نظام کو ’ِفرِکشن کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت ملازمین ایک خصوصی ای میل ایڈریس کے ذریعے ایسے مسائل رپورٹ کرسکتے ہیں جو کام کی رفتار متاثر کر رہے ہوں یا غیر ضروری پیچیدگیاں پیدا کر رہے ہوں۔

یہ نظام خاص طور پر اس مقصد کے لیے بنایا گیا ہے کہ انتظامی رکاوٹوں کو جلد دور کیا جاسکے اور چھوٹے مسائل کو بڑے بحران بننے سے پہلے حل کرلیا جائے۔

ملازمین اس ذریعے سے تکنیکی نظام میں خرابی، غیر مؤثر دفتری طریقہ کار، کام کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور دیگر روزمرہ شکایات درج کراسکتے ہیں۔ بعض اوقات یہ مسائل بظاہر معمولی نوعیت کے بھی ہوسکتے ہیں جیسے دفتر کی سہولیات یا پارکنگ سے متعلق شکایات۔

’فرکشن‘ نظام کیسے کام کرتا ہے؟

رپورٹس کے مطابق فریکشن ای میل پر موصول ہونے والے پیغامات کا جائزہ اوپن اے آئی کی قیادت کرتی ہے جو طے کرتی ہے کہ کون سے مسائل فوری کارروائی کے متقاضی ہیں۔

مزید پڑھیے: سپر ایپ کے تصور کی جانب بڑا قدم: اوپن اے آئی کا جی پی ٹی 5.5 ماڈل متعارف

اگر کسی معاملے کو اہم سمجھا جائے تو کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار، جن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر سیم آلٹمین یا صدر گریگ بروک مین بھی شامل ہوسکتے ہیں مسئلے کے حل کے عمل میں براہِ راست کردار ادا کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس نظام کے ذریعے پارکنگ سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی جبکہ اے پی آئی کریڈٹس کی تقسیم کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے بھی تجاویز سامنے آئیں۔

بیوروکریسی کم کرنے کی کوشش

اوپن اے آئی میں ایپلی کیشنز کی چیف ایگزیکٹو فدجی سیمو کی شمولیت کے بعد اس نظام کو مزید اہمیت ملی۔ سال 2025 میں کمپنی میں شمولیت کے بعد 3 ماہ تک ملازمین سے گفتگو کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ بیوروکریسی اور کام کی غیر ضروری پیچیدگیاں ایک عام مسئلہ ہیں۔

مزید پڑھیں: اوپن اے آئی رواں سال ساڑھے 3 ہزار نئی بھرتیاں کرے گی

اس کے بعد انہوں نے کمپنی کے اندرونی سلیک پلیٹ فارم پر ملازمین کو فریکشن نظام کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس کی پیشرفت سے متعلق معلومات شیئر کیں۔

رفتار کے فائدے اور نقصانات

کچھ ملازمین کے مطابق یہ نظام قیادت تک براہ راست رسائی فراہم کرتا ہے اور مسائل جلد حل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے تاہم بعض سابق ملازمین نے اس کے کچھ منفی پہلوؤں کی بھی نشاندہی کی ہے۔

ان کے مطابق بعض اوقات جب اعلیٰ قیادت کسی مسئلے کو فوری حل کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو متعلقہ ٹیموں کو اپنے پہلے سے جاری کام چھوڑ کر فوری طور پر اس معاملے پر توجہ دینا پڑتی ہے جس سے پہلے ہی مصروف ٹیموں پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔

اس کے باوجود، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سخت مقابلے کے دوران اوپن اے آئی کی قیادت تیز رفتار فیصلہ سازی اور فوری مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ڈیٹا سینٹرز میں بجلی کی بے تحاشا کھپت، اوپن اے آئی نے حل ڈھونڈ لیا

ماہرین کے مطابق یہ نظام بڑی ٹیک کمپنیوں میں بڑھتی ہوئی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جہاں روایتی انتظامی مراحل کم کرکے ملازمین اور اعلیٰ قیادت کے درمیان براہ راست رابطے کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp