ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے مارگلہ ہلز کے چند اہم تفریحی راستے (ٹریلز) 13 اگست کو عوام کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مارگلہ ٹریلز پر جانے سے پہلے یہ 5 کام ضرور کریں!
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سیدپور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل جمعرات 13 اگست کو پورے دن عوام کے لیے بند رہیں گے۔
یہ نوٹیفکیشن اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن کے دفتر سے جاری کیا گیا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ تمام ٹریلز پر عام شہریوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
انتظامیہ نے متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بندش کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
مارگلہ ہلز کے ٹریلز 2، 3، 4 اور 5 کل عام شہریوں کے لیے بند رہیں گے،سیدپور ولیج کے پیچھے واقع ٹریل بھی 13 اگست کو بند رکھنے کا فیصلہ،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے ٹریلز کی بندش کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا pic.twitter.com/TBf2zqAeNE
— Faisal Hakeem (@FaisalHakeem39) August 12, 2026
نوٹیفکیشن کی نقول چیف کمشنر آفس اسلام آباد، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، وزارت داخلہ، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد میں ہائیکنگ ٹریلز اور پارکس عوام کے لیے کھول دیے گئے
اس کے علاوہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انوائرمنٹ اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) کو بھی آگاہ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس اور دیگر پولیس حکام کو بھی بندش کے حوالے سے ضروری کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔
بندش کی وجہ نہیں بتائی گئی
ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن میں 13 اگست کو ٹریلز بند کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ تاہم انتظامیہ نے میڈیا اور متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ عوام کو اس پابندی سے آگاہ کریں تاکہ شہری متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے سے پہلے معلومات حاصل کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: مارگلہ ٹریل 1 سے 6 کتنے خطرناک اور جان لیوا ہیں؟
انتظامیہ کے مطابق یہ پابندی عام عوام پر لاگو ہوگی اور پانچوں مخصوص ٹریل ایریاز پورے دن بند رہیں گے۔














