زمبابوے 2026 کے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری مقابلوں کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے پاکستان اور افغانستان کے ہمراہ سہ ملکی سیریز کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔
اس سلسلے میں زمبابوے نے افغانستان اور پاکستان کے ساتھ ون ڈے انڈر 19 ٹرائی سیریز کا انعقاد ہارارے میں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وائٹ واش کا خواب ادھورا رہ گیا، زمبابوے نے پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں شکست دیدی
زمبابوے ٹیم کے مینیجنگ ڈائریکٹر گیویمور ماکونی نے تصدیق کی کہ یہ ٹرائی سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی اہم ہے تاکہ وہ عالمی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار ہو سکیں۔
ماکونی نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے ہمارے کھلاڑیوں کو عالمی سطح کے مقابلوں کے لیے قیمتی تجربہ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی افریقہ نے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا
سیریز کا آغاز کرسمس کے دن، 25 دسمبر کو ہارارے اسپورٹس کلب میں زمبابوے اور افغانستان کے درمیان ہوگا۔ دوسرے میچ میں افغانستان اور پاکستان 27 دسمبر کو ہارارے اسپورٹس کلب میں مد مقابل ہوں گے۔
ٹرائی سیریز کے دیگر میچز کے شیڈول کے مطابق:
- 29 دسمبر: زمبابوے بمقابلہ پاکستان، پرنس ایڈورڈ اسکول
- 31 دسمبر: زمبابوے بمقابلہ افغانستان، سن رائز اسپورٹس کلب
- 2 جنوری: پاکستان بمقابلہ افغانستان، سن رائز اسپورٹس کلب
- 4 جنوری: زمبابوے بمقابلہ پاکستان، اولڈ ہاریرینس اسپورٹس کلب
- 6 جنوری: فائنل، اولڈ ہاریرینس اسپورٹس کلب
ماکونی نے مزید کہا کہ اس ٹرائی سیریز کے ذریعے زمبابوے کرکٹ بورڈ اپنی میزبانی کے انتظامات کو بھی جانچ سکے گا تاکہ نمیبیا کے ہمراہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی ممکن ہوسکے۔














