بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں ایک مسافر ٹرین ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 7 ہاتھی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق حادثے میں ٹرین میں سوار کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: بپھرے ہوئے ہاتھی کے حملے میں جرمن سیاح ہلاک
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہاتھی زخمی بھی ہوا ہے، جبکہ حادثے کے بعد ٹرین کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ یہ ٹرین دور دراز ریاست میزورم سے نئی دہلی جا رہی تھی۔
آسام بھارت میں جنگلی ہاتھیوں کی سب سے بڑی آبادی رکھنے والی ریاستوں میں شامل ہے، جہاں 4 ہزار سے زائد ہاتھی پائے جاتے ہیں، جبکہ پورے بھارت میں ہاتھیوں کی مجموعی تعداد تقریباً 22 ہزار بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں جنگلی ہاتھیوں کی آبادی میں 25 فیصد کمی، وجوہات کیا ہیں؟
ریلوے حکام کے مطابق ہاتھیوں کی گزرگاہوں پر رفتار کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، تاہم حالیہ حادثہ ان مخصوص علاقوں سے باہر پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کے ڈرائیور نے ہاتھیوں کو دیکھتے ہی ایمرجنسی بریک لگائی، لیکن اس کے باوجود ہاتھی ٹرین کی زد میں آ گئے۔
ماہرین کے مطابق جنگلات کی کٹائی اور رہائشی و تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث ہاتھی اپنے قدرتی مسکن سے دور نکلنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں انسانوں اور جنگلی حیات کے درمیان تصادم کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا: ٹرین کی زد میں آنے والے 6 ہاتھی ہلاک، 2 زخمی
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2023-2024 کے دوران بھارت بھر میں ہاتھیوں کے حملوں کے باعث 629 افراد ہلاک ہوئے۔














