پاکستانی اداکارہ صرحا اصغر نے شوبز انڈسٹری میں آنے والے نئے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل کئی نووارد اداکارائیں اداکاری کے فن پر محنت کرنے کے بجائے اپنی ظاہری شکل و صورت کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔
ہٹ ڈرامہ جانِ جہاں میں کردار ادا کرنے والی صرحا اصغر نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کے دوران انڈسٹری سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض نئی اداکارائیں میک اپ چیئر چھوڑنے کو تیار نہیں ہوتیں، مکالمے یاد نہیں کرتیں اور سیٹ پر پیشہ ورانہ سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتیں، جو ایک فنکار کے لیے نہایت افسوسناک ہے۔
یہ بھی پڑھیے: شادی برقرار ہے یا نہیں؟ اداکارہ مہربانو نے ازدواجی حیثیت سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی
سیاسی صورتحال اور کراچی کی تاریخ پر بات کرتے ہوئے صرحا اصغر نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کا دور کراچی کے لیے نسبتاً بہتر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے اثر و رسوخ کے دور میں بھی کچھ مثبت پہلو موجود تھے، جب ایک کال پر پورا شہر بند ہو جاتا تھا اور ایک خاص قسم کی نظم و ضبط کی فضا تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود اسی ماحول میں پلی بڑھی ہیں اور اگرچہ آج کراچی کی صورتحال بدل چکی ہے، مگر اس دور کا نظم و ضبط اب نظر نہیں آتا۔
صرحا اصغر نے ایم کیو ایم پاکستان کو بدنام کرنے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ دنیا کے بڑے شہروں، حتیٰ کہ نیویارک میں بھی ایسی گلیاں موجود ہیں جہاں لوگ جانے سے گھبراتے ہیں۔














