خیبر پولو فیسٹیول 2026 کا پہلا ایڈیشن تمام تر رعنائیوں، جوش و خروش اور ثقافتی رنگوں کے ساتھ پشاور میں اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول کے فائنل میچ میں پولو کے روایتی حریفوں چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلگت بلتستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔
فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے، جبکہ تقریب میں خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے شرکت کی اور مقابلوں سے بھرپور لطف اٹھایا۔
مزید پڑھیں: امیر ترین ایتھلیٹس کی فہرست جاری، راجر فیڈرر سمیت کون کون شامل؟
پولو فیسٹیول کے دوران ثقافتی رنگ نمایاں رہے۔ چترالی ڈانس، روایتی لوک رقص اور میوزیکل پرفارمنس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ اس موقع پر نیزہ بازی کے قدیم اور روایتی کھیل کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جس نے فیسٹیول کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔
خیبر پولو فیسٹیول 2026 کا پہلا ایڈیشن تمام تر رعنائیوں کے ساتھ پشاور میں اختتام پذیر۔ سنسنی خیز مقابلے میں گلگت بلتستان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چترال کو شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔ فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے۔@Aadiiroy2 @AmirSaeedAbbasi pic.twitter.com/wKoKOUCHy7
— Media Talk (@mediatalk922) January 5, 2026
حسبِ روایت پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے جوانوں نے فری فال جمپس کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے شرکا نے خوب سراہا۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کے روایتی رقص بھی پیش کیے گئے، جنہوں نے حاضرین کے دل موہ لیے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان کانسٹیبلری اور پاک فوج کے درمیان پولو میچ، وزیر اعلیٰ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر پشاور نے خیبر پولو فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں قومی ثقافت کے فروغ، نوجوانوں کی مثبت مصروفیات اور علاقائی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور ثقافت قوموں کو جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور اس طرح کے فیسٹیولز باہمی یگانگت اور امن کے پیغام کو فروغ دیتے ہیں۔














