ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے بالآخر گروک اے آئی سے متعلق حالیہ تنازع پر خاموشی توڑ دی ہے جس میں خواتین اور کم عمر بچوں کی نامناسب تصاویر تیار کیے جانے پر شدید تنقید سامنے آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے ایکس صارفین کو گروک اپڈیٹ کرنے کی ہدایت کیوں دی؟
ٹیک ویب سائٹ بوم کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی شخص ایکس پر گروک کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی مواد تیار کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایلون مسک کا کہنا ہے کہ جو کوئی گروک کے ذریعے غیر قانونی مواد بنائے گا اس کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے ایک اور صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم مذاق نہیں کر رہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایکس پر کچھ صارفین گروک کو ٹیگ کر کے خواتین اور نابالغ افراد کی تصاویر تیار کروانے کی کوشش کر رہے تھے جن میں انہیں بکنی یا نامناسب لباس میں دکھایا گیا۔ کئی مواقع پر چیٹ بوٹ نے ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تبدیل شدہ تصاویر بنا دیں۔
مزید پڑھیے: ایکس اے آئی نے وکی پیڈیا کے مقابلے میں گروکی پیڈیا لانچ کردیا
یہ عمل مکمل طور پر غیر رضامندی پر مبنی ہے اور متاثرہ افراد کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں ہوتا۔ اس فیچر کے استعمال کے لیے کسی سبسکرپشن کی بھی ضرورت نہیں جبکہ تیار کردہ تصاویر عوامی طور پر دستیاب ہو جاتی ہیں۔
تاہم ایلون مسک نے یہ واضح نہیں کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو کس نوعیت کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم امکان ہے کہ یہ وارننگ خاص طور پر کم عمر بچوں سے متعلق اے آئی تصاویر کے لیے ہے۔
مزید پڑھیں: جن بوتل سے باہر: غزہ پر آواز اٹھانے کی سزا ملی، ایلون مسک مجھے سنسر کر رہے ہیں، چیٹ بوٹ گروک بول پڑا
ایسے صارفین پر چائلڈ سیکسول ایکسپلائیٹیشن مواد پھیلانے کے الزامات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔














