پاکستان کی معروف ٹی وی اداکارہ فضا علی نے اپنی بیٹی فرال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ اپنے والد فواد فاروق کی دوسری شادی میں شرکت کی تیاری کر رہی تھیں۔ اس ویڈیو نے صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کر لی۔
ویڈیو میں فرال نے کہا کہ ہیلو دوستو آئیے میری فٹ چیک کرتے ہیں اس سے پہلے کہ میں پارلر جا کر اپنے والد کی شادی کے لیے تیار ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے والد سے درخواست کی وہ بھی ویڈیو میں آئیں جس کے بعد ان کے والد نے اپنی شادی کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فضا علی کا ندا یاسر پر بالواسطہ الزام، طلاق سے متعلق بیان وائرل کرنے کا دعویٰ
فرال کے والد نے کہا ہیلو آپ سب کیسے ہیں؟ آج میں شادی کر رہا ہوں۔ اور میری پرنسس فرال میرے ساتھ چلیں گی۔ اس کے بعد فرال نے شادی کا لباس اور ہاتھوں میں لگی مہندی بھی دکھائی۔
View this post on Instagram
انسٹاگرام پر فضا علی نے لکھا زندگی ہمیشہ سیدھی نہیں ہوتی کبھی کبھی وہ ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں شور نہیں، صرف صبر بولتا ہے۔ آج میری بیٹی فرال اپنے بابا کے لیے خوشی اور معصوم مسکراہٹ کے ساتھ ان کی نئی زندگی کے سفر کی تیاری ریکارڈ کر رہی ہے۔ اس لمحے نے مجھے پھر سے یاد دلایا کہ رشتے بدل سکتے ہیں لیکن عزت، محبت اور والدین کی ذمہ داری کبھی ختم نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کہانی کا انجام لڑائی نہیں ہوتا کبھی کبھی سب سے خوبصورت انجام یہ ہوتا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو مثبت سوچ، وقار اور طاقت سکھاتے ہیں۔ دل سے دعا ہے کہ فواد فاروق کی زندگی کا یہ نیا باب سکون، سمجھداری اور خوشیوں سے بھرپور ہو۔ اللہ ہم سب کے لیے آسانیاں اور بہتر راستے لکھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہم اپنی بیٹیوں کو ڈیٹنگ سکھا رہے ہیں؟‘ فضا علی کی ’لازوال عشق‘ پر کڑی تنقید
سوشل میڈیا صارفین نے فضا علی کی بیٹی کی پرورش کی تعریف کی اور فرال کے اعتماد اور مثبت رویے کو سراہا۔ ایک صارف نے دعا کی کہ ان کے گھر بھی فرال جیسی بااعتماد بیٹی پیدا ہو جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ پتہ چل رہا ہے فرال کی تربیت ایک مضبوط اور باوقار خاتون نے کی ہے۔
واضح رہے کہ فضا علی پاکستان کی مشہور ٹیلی ویژن شخصیت ہیں جنہوں نے پی ٹی وی کے ہٹ ڈرامہ مہندی کے ذریعے لازوال شہرت حاصل کی۔ ان کے دیگر قابل ذکر ڈرامے میں لو، لائف اور لاہور، موم، ساتھ نبھانا ہے، سات سر رشتوں کے، چنری، لگن، زخم وغیرہ شامل ہیں اور وہ اس وقت مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں۔














