کراچی کے علاقے محمودآباد میں 100 سے زائد بچوں کے ساتھ بدفعلی میں ملوث مرکزی ملزم عمران کی گرفتاری کے بعد تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم سے تفیش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس کا پنجاب سے تعلق رکھنے والا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 100 سے زائد بچوں سے بدفعلی کرنے والے ملزمان کیسے گرفتار ہوئے؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عمران کے خلاف 2018 سے 2023 کے دوران مجموعی طور پر 8 مقدمات سامنے آئے ہیں، جو ملتان اور اس کے گرد و نواح کے مختلف تھانوں میں درج ہیں۔
ان مقدمات میں بچوں کے ساتھ بدفعلی، اغوا اور اقدامِ قتل جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کی بیوی 2024 میں اسے چھوڑ کر بچوں سمیت فیصل آباد منتقل ہو گئی تھی، تاہم اس دوران ملزم پنجاب آتا جاتا رہا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں کم عمر بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے والا گینگ پکڑا گیا
پولیس کا کہنا ہے کہ حالیہ تفتیش میں ملزم کا ڈی این اے 8 متاثرہ بچوں سے میچ کر گیا ہے، جو کیس میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید متاثرہ بچوں اور ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیس کے دیگر پہلوؤں کو بھی بے نقاب کیے جانے کا امکان ہے۔













